سرینگر// کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کا ڈیلی گیشن صدر شیخ عاشق احمد کی قیادت میں آج جموں و کشمیر کے چیئرمین اور سرپرست اعلیٰ جناب پرویز احمد سے ملاقی ہوا۔ چیئرمین نے نئے صدر کی خوش آمد کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز اور جموں و کشمیر بینک کے درمیان ایک دیرینہ رشتہ ہے اور اُس رشتے کی قدر کرتے ہوئے ہمیں ایک دوسرے کے مسائل سے آگاہ ہونا ضروری ہے۔ جے کے بینک عوام کا بینک ہے اور تمام تعلق داروں کو اسے مظبوط بنانے کی ہر ممکن کوشش کرنی ہوگی۔ میٹنگ میں کاروباری حلقے کو در پیش مشکلات کی تفصیل دیتے ہوئے KCCI صدر نے کہا کہ وہ ریاست کی سیاحتی صنعت کو فروغ دینے کیلئے ملیشیاء میں ایک میگا شُو منعقد کرنے جارہے ہیں جس میں جے کے بینک کی شمولیت محسوس کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر ریاست کی دست کار صنعت کے فروغ کیلئے دیگر تعلق داروں کا اشتراک چاہتی ہے تاکہ یہاں کی سیاحت کے ساتھ ساتھ یہاں کی میراثی دست کار صنعت کو واپس اپنے اعلیٰ مقام پر لایا جا سکے۔ ڈیلی گیشن نے کہا کہ وہ اگلے مہینے انڈیا ٹریڈ ایکسپو، ASEAN باہمی میٹنگ اور دلی ہٹ میلے میں شرکت کر رہے ہیں جس کیلئے جموں و کشمیر بینک کے ساتھ مل کر ایک جوائنٹ ایڈوائزری کمیٹی کے قیام کیلئے درخواست دی گئی۔ KCCI صدر نے کہا کہ ہم بینک کو غیر منافع بخش قرضوں (NPA) کی وصولیابی میں بینک کو اپنا تعاون دینگے۔جے کے بینک چیئرمین نے چیمبر کی اس پیشکش کو سراہا اور موقع پر ایک جوائنٹ ایڈو ائزری کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایات دیں۔ بینک کی طرف سے کمیٹی کی نمائندگی ایکزیکٹیو پریزیڈنٹ پے کے تکو، پریزیڈنٹ محمد مقبول لون اور ارون گنڈوترا کرینگے۔ جبکہ چیمبر کی جانب سے سینئر وائس پریزیڈنٹ نثار احمد خان، سیکریٹری جنرل فاروق امین اور جوائنٹ سیکریٹری شیخ گوہر علی کمیٹی کی نمائندگی کرینگے۔ جے کے بینک چیئرمین نے کہا کہ ریاست کی سماجی و معاشی ترقی میں ہی جے کے بینک کی ترقی مضمر ہے۔ ایک مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایپل پروجیکٹ کو ہاتھ میں لینے کے بعد یہاں کے سیب کی پیداوار میں کئی گُنا اضافہ ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ہم نے یہاں کی میوہ صنعت کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار نبھایا اُسی طرح ہم ریاست کی دست کار صنعت کے فروغ میں بھی اپنا بھر پور تعاون دینگے۔ اپنے ڈب گاندربل کے حالیہ دورے کے دوران دست کاروں کیلئے ایک مخصوص سینٹر کے قیام کی ذکر کرتے ہوئے جے کے بینک چیئرمین نے کہا کہ ہمیں اپنے دست کاروں کیلئے ساز گار ماحول پیدا کرنا ہوگا۔چیمبر کے صدر نے قالین بافی صنعت کی بحالی کیلئے سوناواری حلقہ کی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں بینک کا تعاون کارگر ثابت ہوگا ۔بینک کے کریڈٹ کارڈ پر عوامی مشاہدات کا تذکرہ کرتے ہوئے جے کے چیئرمین نے کہا کہ ہمیں اپنے کریڈٹ کارڈ کی عالمی رسائی پر توجہ دینی ہوگی اور حج و عمرہ زائرین کیلئے ایک ہیلپ ڈیسک مہیا رکھنی ہوگی۔