لیفٹیننٹ گورنر کا وادی کے ڈی ڈی سی چیئرپرسنوں کیساتھ بھی تبادلہ خیال
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے راجباغ سرینگر میں جدید اَپ گریڈ شدہ گورنمنٹ سلک ویونگ فیکٹری کا اِفتتاح کیا جوکہ جموںوکشمیر یوٹی میں ریشم صنعت کی بحالی اور جامع ترقی کی طرف ایک اہم قدم ہے۔گورنمنٹ سلک ویونگ فیکٹری سال 1937 ء میں قائم کی گئی تھی۔ایک عرصے کے دوران زیادہ تر مشینری متروک ہو چکی تھی اور فیکٹری کو 2014 ء کے تباہ کن سیلاب میں بنیادی ڈھانچے کو بہت زیادہ نقصان پہنچا۔بحالی کے منصوبے کے ایک حصے کے طور پر صدی پرانی گورنمنٹ سلک ویونگ فیکٹر راجباغ کو اَپ گریڈ اور جدید بنایا گیا ہے جس کی لاگت 23.54 کروڑ روپے آئی ہے۔ اپ گریڈیشن منصوبے کے تحت جدید ترین اور بنائی مشینری والی نئی فیکٹری لگائی گئی ہے۔اِس موقعہ پر اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہم جلد ہی راجباغ ریشم کو کشمیر ریشم کے نئے برانڈ کے طور پر شروع کریں گے۔اَنہوں نے مزید کہا کہ تجدید شدہ گورنمنٹ سلک ویونگ فیکٹر ی صوبہ کشمیر کے تقریباً50,000ککون کاشت کاروں اور کسانوں کو ککون کی کھپت کی مارکیٹ فراہم کرے گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ گورنمنٹ سلک ویونگ فیکٹری راجباغ اَب سالانہ4,50,000میٹر ریشم کے تانے بانے پیدا کرنے کے قابل ہوجائے گی۔مزید برآں سال 2020ء میں قائم ہونے والی گورنمنٹ سلک ویونگ فیکٹری صوبہ جموں کے ککون پالنے والوں کو براہ ِ راست مارکیٹ فراہم کر رہی ہے۔ادھرلیفٹیننٹ گورنر نے سول سیکرٹریٹ میں صوبہ کشمیر کے ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسلوں کے چیئرپرسنوںکے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں وکشمیر حکومت پنچایتی اِداروں کو حقیقی معنوں میں زیادہ بااِختیار اور متحرک بنانے کے لئے پُر عز م ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ پنچایتی راج نظام کے تین درجے پالیسیوں اور ان کی عمل آوری کے درمیان ایک پُل ہے اور اِنتظامیہ جمہوری نظام کی بنیادی سطح کو مضبوط بنانے کے لئے ٹھوس کوششیں کر رہی ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموںوکشمیر میں پنچایتی راج نظام کو شراکت داری کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ فنڈس اور اَفسران عوامی نمائندوں کو نچلی سطح کی ترقی کے لئے دستیاب کرائے گئے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے ڈی ڈی سی کو ہر سطح پر اِنتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے کہا اور عوام اور ان کے منتخب نمائندوں کی خواہشات کو پورا کرنے کے لئے حکومت کے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔اُنہوںنے کہا کہ یوٹی حکومت پانچ اَصولوں پر کامیابی سے کام کر رہی ہے۔ جس میں حکمرانی میں شفافیت، زمینی سطح پر جمہوریت کو بااِختیار بنانا، عوامی فلاح و بہبود ، تیز رفتار ترقی ، روزگار کے مواقع پید ا کرنا شامل ہیں۔