سرینگر//کشمیریونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد نے منگلوار کو یونیورسٹی میں نئے معرض وجود میں لائے گئے شعبہ’سیاحت،تواضع اورفرصت کے مطالعہ‘ شعبے کی نقاب کشائی کی۔اس موقعہ پر ماہرین تعلیم اور یونیورسٹی حکام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے شعبے کا مقصدسیاحت ،تواضع اورفرصت کے انتظام کے شعبے میں نوجوانوں کومعیاری تعلیم اور تربیت فراہم کرناہے تاکہ ہمارے یہاں بین الاقوامی معیار اور سماجی طور ذمہ دارمنیجر اور پیشہ ور کاروباری تیار ہوسکے۔ پروفیسر طلعت نے کہا کہ یہ تاریخی موقعہ ہے کیوں کہ سیاحت کشمیر کاایک اہم شعبہ ہے جہاں ہمیں تربیت یافتہ پیشہ وروں کی مختلف سطحوں پر ضرورت ہے تاکہ جموں کشمیر بین الاقومی معیار کاسیاحتی مقام بن سکے ۔انہوں نے کہا کہ نیا شعبہ سیاحت اورتواضع کے کلیدی عناصرمیں تحقیق کاکام انجام دے گاتاکہ اس شعبے میںجموں کشمیرکی ضروریات کو پورا کیا جاسکے۔ اس موقعہ پر ڈین اکیڈمک افیئرس اورسیاحت اور تواضع شعبے کے سربراہ پروفیسر شبیراحمدبٹ نے یقین دلایا کہ شعبہ قومی اوربین الاقوامی سیاحتی انتظام کے اداروں سے اشتراک کرکے شعبے کے نظریہ کوآگے بڑھائے گاتاکہ جموں کشمیرکو بین الاقوامی معیار کا سیاحتی مقام بنایا جاسکے۔یونیوسٹی کے رجسٹرارڈاکٹر نثاراے میر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یقین دلایا کہ نئے شعبے کی ترقی اور ترویج کیلئے ہرممکن امداد دی جائے گی۔