عظمیٰ نیو سروس
جموں// وادی کشمیر اور ملک کے باقی حصوں کے درمیان براہ راست ریل رابطے کے ساتھ، شمالی ریلوے کے جنرل منیجر، راجیش کمار پانڈے نے کٹرہ-بارہمولہ ریل لائن کا معائنہ کیا اور حکام کو ہدایت دی کہ وہ حفاظتی انتظامات کی سختی سے تعمیل کو یقینی بناتے ہوئے وقت کے اندر زیر التوا کاموں کو مکمل کریں۔ایک پبلک ریلیشن انسپکٹر نے ایک بیان میں کہا کہ ڈویژنل ریلوے مینیجر جموں وویک کمار اور دیگر سینئر ڈویژنل افسران کے ساتھ پانڈے نے اتوار کو کٹرہ سے سری نگر اور پیر کو بڈگام سے بارہمولہ تک کا وسیع معائنہ کیا۔انہوں نے کہا کہ جی ایم نے آپریشنل تیاری کا اندازہ لگانے کے لیے اودھم پور-سری نر-بارہمولہ ریل لائن پروجیکٹ کا جائزہ لیا۔پانڈے نے خاص طور پر خطے کے چیلنجنگ جغرافیائی خطوں کی روشنی میں بنیادی طور پر ریل کی پٹریوں، پلوں اور سرنگوں کے حفاظتی پہلوئوں کا سخت معائنہ کیا۔ معائنہ کے دوران، انہوں نے تمام ڈویژنل افسران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ تمام زیر التوا کاموں کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنائیں اور بغیر کسی سمجھوتہ کے آپریشنز میں حفاظتی معیارات پر سختی سے عمل کریں۔بیان میں کہا گیا کہ “یہ معائنہ وادی کشمیر اور باقی ہندوستان کے درمیان براہ راست ریل رابطہ قائم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔”اس وقت، وندے بھارت ایکسپریس سمیت ایک ٹرین سروس گزشتہ سال جون سے کٹرہ سے سری نگر تک چل رہی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ جنرل منیجر نے کشمیر میں واقع ریلوے سٹیشنوں کا جائزہ لیا جن میں ‘امرت بھارت سکیم’ کے تحت آنے والے سٹیشن شامل ہیں۔انہوں نے ان ریلوے سٹیشنوں پر دستیاب مسافروں کی سہولیات پر بھی خصوصی توجہ دی۔جنرل منیجر نے ریلوے کے مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے ڈویژنل حکام سے بھی تفصیلی بات چیت کی۔انہوں نے ریاسی ضلع میں انجی کھڈ پل اور چناب پل جیسے مشہور ڈھانچے کی دیکھ بھال اور آپریشنل پروٹوکول کا معائنہ کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے اننت ناگ گڈز ٹرمینل کا بھی معائنہ کیا، جو وادی میں مال برداری کے لیے ایک اہم مرکز کے طور پر کام کرتا ہے۔