سرینگر//کشمیرورلڈفلم فیسٹول کے ڈائر یکٹرمشتاق علی احمدخان اور میڈیا ایگز یکیٹوادریس بختیارنے یہاں بالی ووڈ کے معروف اداکاروہدایت کارعامر خان سے ملاقات کی۔اداکار عامرخان ان دنوں کشمیرمیں اپنی آنے والی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘کی عکس بندی کیلئے آئے ہیں۔انہوں نے عامرخان کوسرینگر میں2017سے منعقد ہورہے فلم فیسٹول کے بارے میں جانکاری دی اوراس کے انعقاد میں درپیش مشکلات سے بھی باخبرکیا۔تاہم عامر خان نے کشمیر،جہاں کوئی سنیماہال نہیں ہے،میں فلم فیسٹول منعقد کرانے کیلئے سراہا۔اداکار نے کشمیرورلڈ فلم فیسٹول کی پوری ٹیم کو اس میلے کے انعقاد میں اپنابھرپور تعاون دینے کی یقین دہانی کی اور اگلے فلم فیسٹول میں مہمان خصوصی کے طورشرکت کرنے کی حامی بھرلی ۔عامرخان نے کہا کہ میں کشمیرورلڈ فلم فیسٹول کی پوری ٹیم کوچار ایسے میلے کامیابی کے ساتھ منعقد کرنے کیلئے مبارکباد دیتا ہوں۔یہ اچھی بات ہے کہ کشمیرجیسی جگہ پرفلم میلے منعقد ہوتے ہیں اور لوگ ان میلوں میں فلمیں دیکھنے آتے ہیں۔فلمی ہستیاں بھی ان میلوں میں شرکت کرنے کیلئے آتی ہیںاورفلموں کے شائقین اورفلم طلبہ سے تبادلہ خیال کرتے ہیں۔مجھے امید ہے کہ یہ وباء ختم ہوتے ہی میں اس فلمی میلے میں شریک ہوجائوں گا۔ فیسٹول ڈائریکٹر مشتاق علی احمدخان نے کہا کہ وہ عامرخان سے مل کر خوش ہوئے اورانہوں نے اس فیسٹول کے انعقاد میں اپنے بھر پور تعاون کایقین دلایا۔یہ ہمارے لئے فخر کی بات ہوگی کہ ہم ان کی میزبانی کریں ۔ہم ان سے اگلی ملاقات کیلئے ممبئی جائیں گے۔مشتاق علی احمد معروف فلم ہدایت کار راج کمار ہیرانی اورپروڈیوسر مہاویرجین سے بھی ملے۔