سرینگر// کشمیر میں پیٹرول کی قیمت رواں ہفتے میں دوسری بار100روپے کی حد عبور کر گئی اورپیر کو فی لیٹر 100.32 روپے کے حساب سے فروخت ہورہا تھا۔ پیٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں ہورہے مسلسل اضافہ کے نتیجے میں عام لوگوں کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں کیوں کہ ایندھن کی بڑھتی قیمتوں سے ہی اشیاء ضروریہ اور دیگر چیزوں کی قیمتوں اضافہ ہورہا ہے ۔ رواں ہفتے میں دوسری بار پیٹرول کی قیمت100روپے کے پار ہوگئی۔18جون کو پہلی بار پیٹرول کی قیمت نے100روپے کے ہندسے کو عبور کیا تھا اور100روپے40پیسہ پر پہنچ گئی تھی۔ ٹرانسپورٹروں نے تیل کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہلے لاک ڈائون اور اب ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کی مار نے انہیں مفلوک الحال کردیا ہے۔