عاصف بٹ
کشتواڑ//گزشتہ شب ہونے والی موسلا دھار بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث ضلع بھر میں عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی۔اس دوران سنتھن شاہراہ اور اس کے بالائی علاقوں میں اچانک بادل پھٹنے کے واقعات رونما ہوئے جس کے نتیجے میں تیز رفتار سیلابی ریلوں نے شاہراہ کے کئی حصوں کو نقصان پہنچایا۔ ایک مقام پر سڑک کا بڑا حصہ بہہ جانے سے کشتواڑ اور سرینگر کے درمیان رابطہ منقطع ہو گیا ہے جس سے مسافروں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق خراب موسم اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظر سنتھن شاہراہ کو عارضی طور پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ متعلقہ محکموں کی ٹیمیں موقع پر روانہ کر دی گئی ہیں تاکہ نقصان کا جائزہ لیا جا سکے اور سڑک کی بحالی کا کام جلد از جلد شروع کیا جا سکے۔
سنتھن میں دیررات شدید گرج چمک کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں بکروال چرواہے کی 100 سے زائد بھیڑیں ہلاک ہو گئیں۔ اس حادثے نے متاثرہ خاندان کو شدید مالی نقصان اور ذہنی کرب میں مبتلا کر دیا ہے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سنتھن میں موسم نے خطرناک رخ اختیار کر لیا اور تیز آندھی کے ساتھ شدید بارش اور گرج چمک شروع ہو گئی۔ اسی دوران آسمانی بجلی گرائی جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں بھیڑیں موقع پر ہی ہلاک ہو گئیں۔ صادق بکروال کی ایک سو کے قریب بھیڑیں ہلاک ہوئی ۔متاثرہ چرواہے صادق بکروال نے بتایا کہ ان کی تمام جمع پونجی ان بھیڑوں پر مشتمل تھی جو ایک ہی لمحے میں ختم ہو گئی۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا کہ فوری طور پر موقع کا معائنہ کیا جائے، نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے اور انہیں مناسب معاوضہ اور ہنگامی مالی امداد فراہم کی جائے ۔اس دوران میدانی علاقوں میں ہوئی شدید بارش کے باعث سڑکوں، گلی کوچوں میں پانی جمع ہو گیا جبکہ متعدد رہائشی مکانات میں پانی داخل ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بیشتر مقامات پر سڑکیں زیرآب آگئی ہیںجبکہ نالوں کی گندگی سڑکوں پر جمع ہوگئی ہے۔ ادھر ضلع انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ریسکیو ٹیمیں ہائی الرٹ پر ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔