عاصف بٹ
کشتواڑ// انسپکٹر جنرل آف پولیس (جموں زون)بھیم سین توتی نے پیر کو کہا کہ ایک مشترکہ آپریشن میں سیکورٹی فورسز نے 7 رکنی جیش محمدکے ماڈیول کو بے اثر کر دیا ہے، جسے “اسرائیل گروپ” کہا جاتا تھا، جس سے جموں اور کشمیر کے ڈیڑھ سال سے جاری آپریشن کا خاتمہ ہو گیا ہے۔
پولیس
اتوار کو کشتواڑ ضلع میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ ایک تصادم میں اس کے خود ساختہ کمانڈر سیف اللہ سمیت ماڈیول کے تین ارکان مارے گئے۔آئی جی پی نے کشتوار میں نامہ نگاروں کو بتایا، ” جیش کے سات ملی ٹینٹوں کا گروپ اپریل 2024 میں ہندوستانی علاقے میں گھس آیا تھا۔ اس کے بعد سے، یہ گروپ 17 مختلف مواقع پر مصروف تھا، پچھلے ڈیڑھ سال کے دوران، ہم نے ان سب کو کامیابی کے ساتھ بے اثر کر دیا ہے، اتوار کو اس ڈیڑھ سال سے جاری آپریشن کا اختتام ہوا”۔ انہوں نے کہا، “یہ گروپ اسرائیل گروپ کے نام سے جانا جاتا تھا، یہ ایک سخت ملی ٹینٹ ماڈیول تھا جس نے سیکورٹی فورسز اور شہریوں کو بھی نقصان پہنچایا۔”توتی نے کہا کہ عین انٹیلی جنس پر عمل کرتے ہوئے، سیف اللہ سمیت گروپ کے آخری تین ارکان کو کشتواڑ کے چھاترو علاقے میں بے اثر کر دیا گیا۔آئی جی پی نے زور دے کر کہا کہ ملی ٹینسی کے خلاف مہم جاری رہے گی۔آئی جی پی نے کہا کہ ملی ٹینٹوںکی حمایت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا”جن لوگوں نے اس گروپ کو پناہ اور مدد فراہم کی، ان کے خلاف بھی جلد فیصلہ کن کارروائی دیکھنے کو ملے گی۔ آنے والے دنوں میں، آپ دیکھیں گے کہ ہم ان کے ساتھیوں کے خلاف کتنی سختی سے کارروائی کرتے ہیں،” انہوں نے کہا”مزید آپریشنز پائپ لائن میں ہیں اور آپ خود نتائج دیکھیں گے،” ۔آئی جی پی نے کہا کہ کشتواڑ ضلع میں اب صرف تین مقامی ملی ٹینٹ ہیں۔ “یہ وہی تین افراد ہیں جو تقریباً دو دہائیوں سے خطے میں سرگرم ہیں۔ 2018، 2019 اور 2020 کے دوران، کچھ نئے ریکروٹس انکی صفوں میں شامل ہوئے تھے، لیکن ان سب کو بے اثر کر دیا گیا ہے،” ۔توتی نے آپریشنز کی کامیابی کے لیے عوامی تعاون کو سراہا۔ “مجھے یقین ہے کہ معاشرہ ان کا ساتھ نہیں دے رہا ہے۔ ورنہ ایسی کامیاب کارروائیاں ممکن نہ ہوتیں،ہمیں زیادہ تر انٹیلی جنس معلومات عام شہریوں کے ذریعے ملتی ہیں۔ عوام ہمارے ساتھ ہے
فوج
کا ئونٹر انسرجنسی فورس ڈیلٹا کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی)، میجر جنرل اے پی ایس بال نے ملک دشمن عناصر کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ’’ملک دشمن عناصر کے لیے میرا پیغام واضح ہے ،جو کوئی بھی ملک کا دشمن ہے، وہ جہاں بھی ہو اور کسی بھی شکل میں ہو، اس کی نشاندہی کی جائے گی، نشانہ بنایا جائے گا اور اسے بے اثر کیا جائے گا۔”افسر نے زور دے کر کہا کہ انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیاں مسلسل رفتار کے ساتھ جاری رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ “عوام سے، میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ چیلنجز کتنے ہی سنگین کیوں نہ ہوں، ہماری ہمت کبھی کم نہیں ہوگی، ہم نے جو کچھ بھی حاصل کیا ہے وہ خطے کے ہر فرد کی حمایت کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔”جی او سی نے کہا کہ انسداد ملی ٹینسی کی کارروائیوں میں حالیہ کامیابیاں سیکورٹی فورسز کی مہینوں کی مسلسل اور مربوط کوششوں کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس پر مہینوں سے اجتماعی طور پر کام کر رہے ہیں۔ خطوں، بارشوں، برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ کے چیلنجوں کے باوجود آپریشن انتھک محنت سے کیے گئے۔انہوں نے کہا”ہمیں اس بات کا علم تھا کہ اس طرح کے طویل آپریشنز فوجیوں میں تھکاوٹ کا باعث بن سکتے ہیں۔ اس لیے، ہم نے اس طریقے سے منصوبہ بندی کی تھی جس سے فورسز کی مناسب گردش کو یقینی بنایا جا سکے‘‘۔ جیش ماڈیول کا تعاقب گزشتہ سال اپریل-مئی سے جاری تھا۔ جی او سی نے کہا کہ اس کے تین ارکان تمام کٹر ملی ٹینٹوں کو اپریل 2025 میں ختم کر دیا گیا تھا، جبکہ باقی ممبران جن میں سیف اللہ، عادل اور دو دیگر فرار تھے۔پولیس، انٹیلی جنس بیورو اور دیگر ذرائع سے ملنے والی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر، ایک مشترکہ آپریشن، جس کا کوڈ نام آپریشن ٹراشی-I تھا، کو چھاترو کے علاقے میں ڈیلٹا کے دستوں نے وائٹ نائٹ کور کے زیراہتمام 14 جنوری کو شروع کیا تھا۔ جی او سی نے مزید کہا کہ رابطہ 18 جنوری کو قائم ہوا تھا اور ان کے ٹھکانے کا پردہ فاش کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ انتھک تعاقب کے نتیجے میں 4 فروری کو عادل کا خاتمہ ہوا۔جی او سی نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے 22 فروری کی صبح 11 بجے کے قریب باقی ملی ٹینٹوں کو دوبارہ مصروف کیا۔ آخری تصادم کی جگہ، جو کھڑی پہاڑی ڈھلوانوں پر واقع تھی، کو 21 اور 22 فروری کی درمیانی رات کو گھیرے میں لے لیا گیا تھا۔ اس کے بعد ہونے والی کارروائی میں، گروپ کو ختم کرنے کا عمل مکمل کرتے ہوئے، تین ملی ٹینٹوںکو ختم کر دیا گیا، ۔انہوں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر آپریشن میں اعلی حکمت عملی، حقیقی وقت میں ڈرون نگرانی، رات کو دیکھنے والے آلات کا استعمال اور سپیشل فورسز سمیت کمک کی تیزی سے نقل و حرکت کا مظاہرہ کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سخت موسم اور مشکل علاقے کے باوجود سیکورٹی اہلکاروں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔میجر جنرل بال نے آرمی کے تربیت یافتہ کتے ٹائیسن کا بھی خصوصی ذکر کیا جو ملی ٹینٹوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا ۔ ٹائیسن کو “ڈھوک” کے اندر ملی ٹینٹوںکی موجودگی کی تصدیق کے لیے تعینات کیا گیا تھا۔تلاشی کی کارروائیوں کے دوران تین اے کے 47 رائفلوں سمیت جنگی سامان کو قبضے میں لیا گیا۔