کشتواڑ //قصبہ کشتواڑ کے بازاروں و گلی کوچوں میں آوارہ کتوں کی بھرمار سے عام عوام تنگ آچکی ہے۔تازہ حملہ میں ان کتوں نے ایک سات سالہ بچی کو لہو لہان کردیا جس کے بعد عوام میںبرہمی پائی جارہی ہے اور وہ ان کتوںکو انسانی بستی سے باہر دھکیلنے پر مصر ہیں۔ قصبہ کی ہر گلی چوراہے پر گندگی کے ڈھیر کے پاس کتوں کی ٹولیاں موجود ہوتی ہیں جسے راہگیروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔سوموار شام کو آوارہ کتوں کی ایک ٹولی نے 7 سالہ بچی پر حملہ کرکے اسے شدید زخمی کردیا یہ واقعہ ایس پی دفتر کے قریب قریب پیش آیا جب اروشی نام کی یہ بچی دوکان پر سامان لانے گئی تھی کہ اس دوران وہاں موجود آوارہ کتوں نے اس پر حملہ کردیا جسکے بعد لوگوں نے اسے ضلع ہسپتال منتقل کیا۔ آوارہ کتوں کی ہڑبونگ سے لوگوں کا شام ڈھلتے ہی باہر نکلنا مشکل ہوگیا ہے جبکہ والدین اپنے بچوں کو کوچنک مراکز بھیجنے سے بھی گریز کررہے ہیں۔ قصبہ کے دیگر علاقوں کا بھی حال کچھ اسی طرح کا ہے جن میں بس سٹینڈ کشتواڑ ،مین مارکیٹ ،گڑہالی چوک، کورٹ کمپلیکس کشتواڑ شامل ہیں۔ مقامی لوگوں کا ماننا ہے کہ آوارہ کتوں کا قصبہ میں رہنا انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ پالتوں جانورں کیلئے بھی خطرہ بن چکا ہے۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ و متعلقہ حکام سے آوارہ کتوں کو جلد از جلد ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ان کی جانیں محفوظ رہ سکیں۔