ڈوڈہ//ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع میں سڑک کے دو الگ الگ حادثات میں ددافراد جاں بحق اور دو زخمی ہوئے ہیں۔ ایک حادثہ بٹوت کشتواڑ قومی شاہراہ پر پریم نگر کے قریب پیش آیا ہے جس میںنجی کار میں سوار اوقافِ اسلامیہ کشتواڑ کے ایک اہلکار کی موت واقع ہوئی ہے اور اُس کی اہلیہ اور ایک شیر خوار بچہ زخمی ہوئے ہیں جب کہ دوسرا حادثہ سرتھل کشتواڑ میں پیش آیا ہے جس میں ایک ٹپر ڈرائیور کی موت واقع ہوئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق عارف حسین بٹ (37)ولد غلام رسول بٹ ساکنہ ہڈیال چوک کشتواڑ اپنی اہلیہ اور ایک شیر خوار بچے کے ہمراہ اپنی کار زیرِ نمبرJK17-4987 پر ڈوڈہ سے کشواڑ کی طرف جا رہے تھے کہ پریم نگر کے قریب کار حادثے کا شکار ہو کر لڑھکتے ہوئے دریائے چناب کے کنارے جا پہنچی ۔عارف حسین موقع پر ہی دم توڑ بیٹھا جب کہ اُس کی اہلیہ شافیہ بیگم اور شیر خوار بیٹا زخمی ہوئے ۔حادثہ کی خبر سُنتے ہی مقامی لوگ اور پولیس کی ایک ٹیم جائے حادثہ پر پہنچی اور بچائو کاروائی میں حصہ لیا۔اُنہوں نے عارف حسین کی لاش برآمد کی اور زخمیوں کو ضلع اسپتال ڈوڈہ منتقل کیا گیا۔حادثہ کی وجہ تا حال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔اُدھر گورنمنٹ ہائر اسکنڈری اسکول سرتھل کشتواڑ میں ایک ٹپر زیرِ نمبرJK 02AW-2293 کو پیش آئے حادثہ میں ڈرائیور ڈوڈہ کے اُدھیان پور گائوں سے تعلق رکھنے والے بشیر احمد ولدِ عبدالطیف کی موت واقع ہوئی ہے۔بشیر احمد کو شدید زخمی حالت میں ضلع اسپتال کشتواڑ منتقل کیا جا رہا تھا کہ اس دوران و ہ زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔ان حادثات کی وجہ فوری طور معلوم نہیں ہو سکی ہے۔تاہم پولیس نے معاملات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔