عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ میں کشتواڑ سنتھن قومی شاہراہ پر لگائےجارہے کریش بیریر میں مقامی لوگوں کی جانب سے ناقص مواد کا استعمال کئے جانے کا الزام عاید کرنے کے بعد انتظامیہ نے مداخلت کرکے ان کریش بیریر کو باہرنکالا ۔ تفصیلات کے مطابق کشتواڑ سنتھن اننت ناگ قومی شاہراہ پر خانپورہ کے مقام پر ایس جی ایچ آئی ایل کمپنی کریش بیریر کا کام انجام دےرہی ہے جس پر وہاں کے مقامی ٹھیکدار کام کررہے ہیں ۔لوگوں نے بتایا کہ کریش بیریر کا کام سڑک حادثات کو روکنا ہے لیکن جس طرح کا کام انجام دیاجارہاہے اس سے لگتاہے کہ حادثات کو روکنا نہیں انھیں مزید بڑھانا ہےکیونکہ ان کریش بیریر میں ناقص مواد کا استعمال کیا جارہاہے اور انھیں ضوابط کے تحت نہیں کیا جارہا ہے۔ ٹھیکیدار اسکام کو مشینری کے بجائے مزدوروں سے انجام دے رہے ہیں اور اسےسرسری طور کیاجارہاہے ،اگر کوئی بھی حادثہ رونما ہوتاہے تو یہ کریش بیریر گاڑی کو روکنے میں ناکام ہوسکتے ہیں۔محمد عمران نامی مقامی نوجوان نے بتایا کہ این ایچ آئی ڈی سی ایل کی گائیڈلائنز کے تحت کریش بیریر کو مشین سے لگانا ہے اور اگر کسی جگہ مشین سے کام نہیں ہوپائےگا تووہاں پر اسےسیمنٹ کے ذریعے کرناہے تاکہ کریش بیریر کی مضبوطی برابر رہے اور اگر کسی بھی وقت گاڑی ٹکراتی ہے تو یہ کریش بیریر اسے روکنے میں کامیاب ہوسکے۔معاملے کو جب این ایچ آئی ڈی سی ایل حکام و سب ڈویژن انتظامیہ کی نوٹس میں لایاگیا تو اسکے فوری بعد انتظامیہ نے کام کو بند کردیا اور ٹھیکیدار کی جانب سے لگائے گئے کریش بیریر کو باہر نکالا اور یقین دہانی کرائی گئی کہ کام کو ضوابط کے تحت انجام دیاجائے گا۔