کشتواڑ//نیشنل کا نفر نس کشتواڑ کا اجلاس زیر صدارت سجاد احمد کچلو منعقد ہوا۔ اجلاس میں مقررین نے مختلف امور کے علاوہ خاص کر سرپرست تنظیم نیشنل کا نفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی آمد کے سلسلے میں تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس موقعہ پر سجاد احمد کچلو نے ضلع کشتواڑ کے اندر بھائی چارہ کو مضبوط بنانے پر زور دیااورکہاکہ فرقہ پرست طاقتوں سے سماج کو پاک رکھنے کے اقدامات کئے جائیں۔ سجاد کچلو نے محکمہ دیہی ترقی پر زور دیا کی فوراً منریگا کے مزدورں کی رقم وا گزار کی جائے۔کچلو نے مڑواہ ، واڑون کے علاقوں میں برف باری سے پہلے خورد نوش اور باقی ضروریات زندگی کی اشیا ء پہنچانے کی بھی مانگ کی ۔اس موقعہ پر کچلو نے کارکنان کے مسائل بھی سنے اور انہیں حل کرنے کا یقین دلایا۔ انہوںنے کہاکہ نوجوان کارکنان کو پارٹی کو مضبوط بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کرنی چاہئے اورانہیں لوگوں کے مسائل بھی حل کرانے میں کلیدی کردار اداکرناچاہئے ۔ انہوںنے کہاکہ نوجوان ہی سماج میں تبدیلی لاسکتے ہیں جس کی موجودہ سیاسی صورتحال میں بہت زیادہ ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ نیشنل کانفرنس کے دور حکومت میں شروع ہوئے کئی پروجیکٹوںکو موجودہ پی ڈی پی اور بی جے پی حکومت نے ٹھپ کردیاہے جس سے لوگوں کا نقصان ہورہاہے ۔انہوںنے کہاکہ پی ڈی پی اور بھاجپا حکومت عوام دشمن ہے اس لئے لوگوںکو اس کی پالیسیوںپر کوئی یقین نہیں رہ گیا۔نائب صدر صوبہ جموں قاضی جلال الدین نے ورکران کو ضلع میں نیشنل کانفرنس کو مستحکم و مضبوط کرنے کیلئے ہر وقت عوام کے ساتھ کھڑے رہنے پر زور دیا۔اپنے خطاب کے دوران ضلع صدر کشتواڑ تنویر احمد کچلو نے ہدایت دی کہ سر پرست فاروق عبداللہ کی آمد کے سلسلے میں تیاریوں اور پروگرام کو موثر اور کامیاب بنایاجائے ۔ اس موقعہ پر نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈران ضلع سیکریٹری شبیر احمد کمل، جوائنٹ سیکریٹری صوبہ جموں امتیاز احمد زرگر،راجندر گامی، محمد عباس منشی، عبدالطیف ترک اوریوتھ نیشنل کانفرنس کے ضلع صدر ڈی ڈی فاروق،ضلع سیکریٹری آصف قاضی، نائب صدر یوتھ سجاد احمد شیخ،ماجد زرگر، راجو سین، ذاکر حسین شیخ، فرید احمد، طارق حسین اور ضلع سیکریٹری وومن ونگ اندو بالا، ضلع سیکریٹری سٹوڈنٹس ونگ نعیم جاوید وغیرہ بھی شامل تھے۔