کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے جنگلات میں سبز سونے کی لوٹ مسلسل جاری ہے جبکہ متعلقہ محکمہ و ضلع انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔تفصیلات کے مطابق ضلع کے متعدد علاقہ جات سے مسلسل شکاتیں موصول ہورہی ہیں کہ علاقہ جات کے جنگلوں میں سرسبز درختوں کی بے دریغ کٹائی کی جارہی ہے۔ جہاں علاقہ بونجواہ کے جنگلات میں سمگلروں نے سینکڑوں سرسبز درختوں کو کاٹ کر استعمال کرنا شروع کیا ہے وہیں علاقہ ٹھکرائی ، کنتواڑہ و چھاترو کے جنگلات میں بھی سرسبز درختوں کو کاٹنے کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور آئے روز شکاتیں موصول ہوتی رہتی ہیں۔اگرچہ مقامی لوگ مسلسل شکاتیں کررہے ہیں تاہم انکی کوئی نہیں سنتا۔انھوں نے بتایا کہ محکمہ کے ملازمین کی ملی بھگت کے سبب جنگل سمگلر اس طرح کی کاروائی انجام دے رہے ہیں ۔اگر سرسبز درختوں کی کٹائی پر بروقت قابو نہ پایا گیا تو آنے والے چندبرسوں کے اندر یہ ماحول کیلئے خطرناک ثابت ہوگا۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ سرسبز درختوں کی کٹائی پر متعلقہ محکمہ کے افسران کو ہدایت جاری کرکے کاروائی کرے تاکہ اس پر قابو پایاجاسکے۔