کرسٹیانو رونالڈو نے خود کو قرنطینہ کرلیا | ساتھی کھلاڑی میں کورونا کی تصدیق

پرتگال سے تعلق رکھنے والے دنیا کے مشہور فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ساتھی کھلاڑی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد اس وائرس کے خوف سے خود کو قرنطینہ میں منتقل کرلیا۔نیویارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو نے 3 روز قبل اٹلی کے شہر تورینو میں لیگ کا آخری میچ کھیلا، جس کے بعد ان کے ساتھی کھلاڑی ڈینیئل رگانی میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی۔کرسٹیانو رونالڈو اور ان کے ساتھیوں نے خالی اسٹیڈیم میں بغیر شائقین کے میچ کھیلا تھا۔بعدازاں میچ جیتنے کے بعد ان تمام کھلاڑیوں نے اکٹھے تصاویر بھی بنوائیں جس کے چند روز بعد ہی ڈینیئل رگانی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔یہ خبر اس وقت سامنے آئی جب کرسٹیانو رونالڈو اپنی بیمار والدہ سے ملنے پرتگال میں موجود تھے، جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ میں منتقل کردیا۔کھلاڑی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اس وقت تک پرتگال میں قرنطینہ میں رہیں گے جب تک انہیں اس بات کا یقین نہیں ہوجاتا کہ واپس جانے کا فیصلہ ان کی اور دوسروں کی صحت کے لیے مثبت ہوگا۔خیال رہے کہ اٹلی میں کورونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 189 افراد کے مزید ہلاک ہونے کے بعد وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک ہزار 16 ہوگئی۔کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے یورپی ملک میں کیسز کی تعداد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 21.7 فیصد اضافہ ہوا جو مجموعی طور پر 15 ہزار 113 ہوگئی ہے۔