سرینگر//شہر کے مضافات میں واقع علاقہ راجباغ بنڈ کے لوگ اُس دن کوکوس رہے ہیں جب انہوںنے یہاں بنڈسڑک کی کشادگی کیلئے رضاکارانہ طورپر وہ زمین خالی کی ،جو بقول حکام کے محکمہ فلڈ کنٹرول یاآبی ذخائر کی حدودمیںآتی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ محکمہ کی جانب سے کی گئی نشاندہی کے بعدہم نے وہ تمام تعمیرات بشمول رہائشی مکانات اوردکانات مہندم کئے نیز تجاوزات کوہٹادیا،جو بقول حکام کے سرکاری اراضی پر بنائے گئے تھے ۔انہوں نے بتایاکہ ہم نے بغیرکسی دبائو کے یہ تعمیرات ازخودمنہدم کیں کیونکہ ہم چاہتے تھے کہ کرسوبنڈسڑک کی کشادگی سے ہمیں زیادہ راحت ملے گی ،لیکن بقول لوگوں کے اب جبکہ کم وبیش دوسال ہوگئے ،یہاں سڑک یاروڑکیساتھ ملائی گئی زمین کی بھرائی نہیں کی جارہی ہے اورنہ اس بنڈروڑکوپختہ بنانے کی جانب کوئی توجہ دی جارہی ہے ۔مشتاق احمدشیخ ،فردوس احمد،بشیر احمد ،شیخ الطاف ،محمدعرفان ،محمداقبال اوردوسرے کئی مقامی شہریوں نے بتایاکہ اس سڑک کومتعلقہ محکمہ یعنی محکمہ آراینڈبی نے اب کافی وقت سے پس پشت ڈالدیاہے ۔انہوں نے بتایاکہ یہ اس علاقے کیلئے ہی نہیں بلکہ دیگرکئی نزدیکی وملحقہ علاقوں میں رہنے والے لوگوں کیلئے بھی اہم رابطہ سڑک ہے کیونکہ شہرکے بالائی علاقوں بشمول ائرپورٹ ،حیدرپورہ ،پرے پورہ ،لائوے پورہ ،چھانہ پورہ ،باغات وغیرہ کے لوگ رام باغ پل سے بائیں جانب مڑکر اسی کرسوبنڈروڑ سے لالچوک اورسیول لائنز جاتے ہیں ۔مقامی لوگوں نے محکمہ آراینڈبی کی مبینہ تاخیر یامصلحت پسندی پرسخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ سینئرانجینئروں اورحکام سے مطالبہ کیاکہ کرسوبنڈروڑ کی کشادگی کے کام کومکمل کرنے کیساتھ ساتھ اس روڑ کوپختہ بنانے کاکام جلدسے جلد ہاتھ میں لیکر پایہ تکمیل تک پہنچایاجائے ۔