ڈوڈہ//سرپنچ ایسوسیشن کاہرہ جکیاس نے رواں مالی سال میں منظور شدہ منریگا کام شروع کرنے،اوراس ایس بی ایم کے تحت واجبات کی ادائیگی کا مطالبہ کرتے ہوئے تاخیر ہونے پر احتجاج کی دھمکی دی ہے۔بلاک ڈیویلپمنٹ چیئرپرسن جکیاس امینہ بیگم کی موجودگی میں ایک پریس کانفرس سے مخاطب ہوتے ہوئے سرپنچوں وپنچوں نے کہا کہ سرکار غریب وبے سہارا کنبوں کی سہولیات کیلئے اواس پلس یوجنا کے تحت نئے مکان تعمیر کرنے،ایس بی ایم و منریگا جیسی اسکیموں کے تحت کروڑوں روپے واگذار کرتی ہے، لیکن محکمہ کی عدم دلچسپی کی وجہ سے زمینی سطح پر ان اسکیموں کے قیام میں سست روی کا مظاہرہ کیا جاتاہے۔سرپنچ ویشن پریہار نے اس موقع پر بولتے ہوئے کہا کہ جہاں بلاک جکیاس میں منریگا کے تحت ابھی تک کوئی کام نہیں ہوئے ہیں وہیں پی ایم اے وائی،آئی اے وائی وایس بی ایم کے تحت تعمیر کئے گئے سینکڑوں مکانات وبیت الخلائوں کی بلیں بھی التواء میں رکھی گئیں ہیں جبکہ لوگوں نے تمام لوازمات مکمل کرکے محکمہ کے پاس جمع کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ پنچائتی نمائندگان سے وارڈ میں صرف ایک کام شروع کرنے پر مجبور کررہا ہے لیکن ہمیں یہ منظور نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایس بی ایم و پی ایم اے وائی کے تحت فنڈس آئے بھی اور واپس بھی گئے لیکن انہیں اندھیرے میں رکھا گیا۔سرپنچوں و پنچوں نے انتباہ دیا کہ اگر ایک ہفتہ کے اندر اندر منریگا کے تحت منظورشدہ 53فیصد کام شروع نہ کئے گئے تو وہ بڑے پیمانہ پر احتجاج کریں گے جس کیلئے محکمہ دیہی ترقی ذمہ دار ہوگا۔پنچائتی نمائندگان نے ایس بی ایم و پی ایم اے وائی کے تحت تعمیرات کی واجبات کی ادائیگی کا بھی مطالبہ کیا۔ممبر پنچایت محمد اقبال وانی نے کہا کہ کوئوڈ کے اس دور میں پہلے ہی مزدور پیشہ افراد وبے روزگار طبقہ متاثر ہوا ہے اور اب انہیں منریگا و دیگر اسکیموں سے بھی محروم رکھاجاتا ہے جو کہ افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ نے بلاک کے ستر فیصدی غریب لوگوں پی ایم اے وائی سے محروم رکھا ہے اور ایس بی ایم و آئی ایچ ایچ ایل کے تحت بیت الخلائوں کو حکام کی جانب سے منظوری بھی دی گئی ہے لیکن تاحال ان پر بھی کام شروع نہیں کیا گیا ہے۔