کیوو //کانگو کے جنوبی کیوو صوبے میں مسلح دیہاتیوں کے گروہوں کے درمیان دو روز تک جاری رہنے والی جھڑپوں میں کم ازکم 43 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جن میں اکثریت عورتوں اور بچوں کی ہے۔ایسوسی ائیڈ پریس کی ایک رپورٹ میں مقامی افراد کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایک مسلح گروہ نے، جسے نومینو کہا جاتا ہے، جمعرات کے روز ایک گاؤں کیپوپو پر حملہ کیا جس کے بعد سے کم ازکم 40 افراد لاپتا ہیں۔جنوبی کیو و سول سوسائٹی گروپ سے تعلق رکھنے والے اینڈری بیاڈونا نے بتایا کہ یہ حملہ مائی مائی نامی ایک باغی گروپ کے خلاف کیا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ ان مسلح گروہوں کے درمیان تصادم جمعرات کو شروع ہوا، جو پھیلتا چلا گیا۔ مسلح افراد نے آس پاس کی کئی بستیوں کو نذر آتش کر دیا۔مقامی فوج کے ترجمان کیپٹن ڈیوڈو نے کئی بستیوں میں حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کا آغاز جمعرات کو ہوا تھاجمعہ کے روز تک جاری رہا۔انہوں نے بتایا کہ علاقے کے لوگوں کے تحفظ کے لیے فوج تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔کانگو کے مشرقی صوبوں میں کئی مسلح گروہ موجود ہیں جو معدنیات سے مالا مال اس خطے میں قبضے کے لیے ایک دوسرے سے لڑتے رہتے ہیں۔