کانگریسی رہنماﺅں سمیت کئی شخصیات کی گورنر ووہرا سے ملاقات

 سرینگر//جہلم اینڈ توی فلڈ ریکوری پروجیکٹ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سندیپ کمار نائیک نے راج بھو ن میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی ۔سندیپ نائیک نے اس پروجیکٹ کو جاری مختلف کاموں کے بارے میں تفصیلات دیں۔گورنر نے سندیپ نائیک کو اس پروجیکٹ کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی تلقین کی۔اس دوران جے اینڈ کے امپا اینڈ آر ڈی کے کورس کاڈی نیٹر ڈاکٹر ایس خورشید الاسلام نے یہاں راج بھو ن میں آئی اے ایس پروبشنر شری کانت بالا صاحب کے ہمراہ گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی ۔ڈاکٹر خورشید الاسلام نے امپا اینڈ آر ڈی میں آئی اے ایس پروبیشنروں کو دی جانے والی تربیت کے بارے میں جانکاری دی ۔گورنر نے شری کانت بالا صاحب کے ساتھ ان کو دی جانے والی تربیت کے بارے میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہیں مکمل مہارت حاصل کرنے کی جانب توجہ مبذول کرنے کی صلاح دی تاکہ وہ لوگوں کے مسائل حل کرنے کے اہل بن سکے۔انہوں نے بالا صاحب کو لگن او رتند ہی کے ساتھ محنت کرنے کی بھی تاکید کی۔انڈین نیشنل کانگریس کے ایک وفد نے راج بھون سرینگر میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی ۔ وفد میں ایم ایل سی غلام نبی مونگا ، ارکانِ اسمبلی حاجی رشید ، محمد امین بٹ اور عثمان مجید شامل تھے ۔ وفد نے گورنر کو ریاست میں جی ایس ٹی کی عمل آوری کے حوالے سے اپنے نکتہ نظر کے بارے میں آگاہ کیا اور اُن کی پارٹی اور حکومت کے درمیان اس معاملے پر جاری تبادلہ خیال کے بارے میں گورنر کو جانکاری دی ۔ علاوہ ازیں وادی میں امن و قانون کی موجودہ صورتحال اور معمول کے حالات بحال کرنے کیلئے لازمی اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنر نے وفد کو صلاح دی کہ وہ صارفین کے مفادات کی ہر صورت میں پاسداری کریں ۔ انہوں نے وفد سے تلقین کی کہ وہ ریاست کو امن ، ترقی اور خوشحالی کی ایک نئی ڈگر پر لے جانے کیلئے جامع کوششیں جاری رکھیں ۔