کانسٹیبل سبزار کے لواحقین سے ذوالفقار کی تعزیت پرسی

 شوپیاں//خوراک ، سول سپلائیز و امور صارفین اور محکمہ اطلاعات کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی ہدایت پر ضلع شوپیاں میں شہید کانسٹیبل سبزار احمد چک کے گھر جا کر سوگوار کنبے کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔ اس موقعہ پر ایم ایل شوپیاں محمد یوسف بٹ بھی وزیر موصوف کے ہمراہ تھے ۔ ذوالفقار علی نے دُکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ کنبے کو یقین دلایا کہ قصور واروں کو گرفتار کر کے معقول سزا دی جائے گی ۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کو بزدلانہ کارروائی سے تعبیر کیا ۔ کنبے کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ اس واقعہ سے وزیر اعلیٰ بھی غمزدہ ہیں ۔ ذوالفقار علی نے کہا کہ جموں کشمیر پولیس کو جنگ جیسی صورتحال کا سامنا ہے اور حکومت پولیس کو ہر ممکن تعاون دے گی تا کہ وہ اس جنگ کو جیت لیں ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ریاست میں امن و قانون کی صورتحال برقرار رکھنے کی پولیس کی کوششوں کو تعاون دیں ۔ اس موقعہ پر وزیر نے وزیر اعلیٰ کے خصوصی فنڈ میں سے سوگوار کنبے کو ایک لاکھ روپے دئیے ۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ اس پولیس اہلکار کے قریبی رشتہ دار کو نوکری دینے کے معاملے کو جلد از جلد نمٹائیں ۔ بعد میں انہوں نے مرحوم کی ایصال ثواب کیلئے دعا کی ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیاں محمد اعجاز کے علاوہ ایس ایس پی شوپیاں بھی وزیر کے ہمراہ تھے ۔