منجاکوٹ// منجاکوٹ میں کالج کے قیام ودیگر مطالبات پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے بینر تلے 16 ویں روز بھی دھرنا اور احتجاج جاری رہاجس دوران مظاہرین نے جموں پونچھ شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بند کرکے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ۔اس احتجاج میں سبھی سیاسی جماعتوں کے مقامی کارکنان نے شرکت کی ۔ان کاکہناتھاکہ ان کی یہ جدوجہد تب تک جاری رہے گی جب تک مسائل حل نہ ہوجاتے ۔ دھرنے پر بیٹھے لوگوں کا الزام تھاکہ 16روز گزر جانے کے باوجود سرکارکی طرف سے کوئی بھی اقدام نہیں کیاگیا اور حکومت منجاکوٹ کے عوامی مسائل حل کرنے میں بری طرح سے ناکام ہوچکی ہے ۔ان کاکہناہے کہ حکومت کی بے اعتنائی کی وجہ سے وہ شدت کی گرمی کے باوجود دھرنا پر بیٹھنے کیلئے مجبور ہورہے ہیں۔مظاہرین نے موجودہ سرکار پر الزام لگایاکہ وہ مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدہ نہیں ۔ان کاکہناتھاکہ ڈگری کالج تو دور کی بات ڈسپنسری تک کی سہولت میسّرنہیں ہورہی اور لوگ پریشان حال ہیں ۔انہوںنے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے اپیل کی کہ وہ ذاتی مداخلت کرکے مطالبات پورے کریں ۔انہوںنے انتباہ دیاکہ اگر مطالبات پورے نہ ہوئے تو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج شروع کریںگے جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی ۔