منجاکوٹ//منجاکوٹ میں کالج کے قیام اور دیگر مطالبات پر جدوجہد کررہی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے بینر تلے احتجاجی دھرنا جاری ہے ۔ مقامی لوگوں کا مطالبہ ہے کہ منجاکوٹ میں کالج کا قیام عمل میں لایاجائے اور ساتھ ہی اے ڈی سی پوسٹ ، ایس ڈی ایم دفتر ، منصف کورٹ اور دیگر دفاتر بھی قائم کئے جائیں ۔واضح رہے کہ اس سلسلے میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے بینر تلے پچھلے گیارہ دنوںسے احتجاجی دھرنادیاجارہاہے جبکہ کئی بار مظاہرین نے جموں پونچھ شاہراہ پر ٹریفک بھی بند رکھی ۔کمیٹی ممبران کاکہناہے کہ ان کا پرامن دھرنا مطالبات پورے ہونے تک جاری رہے گااورحکومت کو جائز مطالبات پورے کرنے چاہئیں ۔ انہوںنے بتایاکہ گزشتہ روز ان کا ایک وفد ڈیویژنل کمشنر سے جموں میں ملاقی ہواجس دوران یہ مطالبات ان کے سامنے بھی پیش کئے گئے ۔اتوار کو دیئے گئے دھرنے میں علاقے کے بچوںنے بھی حصہ لیا ۔ واضح رہے کہ اس احتجاجی دھرنے کو مقامی سیاسی جماعتوں کی بھی حمایت حاصل ہے ۔