کابل//افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک خود کش حملے میں 2روسی سفارتکاروں سمیت 20افراد ہلاک ہوگئے۔روسی میڈیا نے مقامی میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ کابل میں دھماکے سے 2روسی سفارتکاروں سمیت 20افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا دھماکا روسی سفارت خانے کے قریب ہوا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق خود کش بمبار نے روسی سفارت خانے کے گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا، دھماکے کے وقت سفارت خانے میں ویزے کے حصول کے لئے لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی، سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردیں۔ روسی سفارت خانے میں تعینات طالبان سیکیورٹی اہلکاروں نے حملہ آور کو گیٹ کے قریب آتے ہی پہچان لیا اور اسے گولی مار دی۔ غیر ملکی ایجنسی نے ہلاکتوں کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی۔انہوں نے روس کی وزارت خارجہ کے حوالے سے بتایا کہ ایک خودکش بمبار کے دھماکے میں سفارت خانے کے دو ملازمین ہلاک ہو گئے۔ وزارت نے کہا کہ اس واقعے میں کچھ افغان شہری بھی زخمی ہوئے ہیں۔روس کی وزارت خارجہ نے کہا کہ حملہ مقامی وقت کے مطابق صبح 1050 بجے ہوا۔ حملہ آور روسی سفارت خانے کے قونصل جنرل کے دفتر میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔روس کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ کابل میں اس کا سفارت خانہ افغان سکیورٹی سروسز سے رابطے میں ہے جو اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ اس واقعے میں ہلاک ہونے والے روسی شہریو ںکی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ اس سے قبل روسی نیوز اینڈ انفارمیشن ایجنسی (RIA) نے ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ حملے میں سفارت کار اور سفارت خانے کا ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوا ہے۔گزشتہ جمعے کو افغانستان کے شہر ہرات میں گزرگاہ مسجد کے احاطے میں خودکش حملے میں کم از کم 18 افراد ہلاک اور 23 زخمی ہوگئے تھے۔ افغانستان میں حالیہ مہینوں میں بم دھماکوں کے کئی واقعات ہوئے ہیں، جن میں اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) کے عسکریت پسندوں کے ملوث ہونے کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے۔