جموں// ضلع ترقیاتی کونسل کے ممبروں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی جانب سے اس یقین دہانی کے بعد، اپنا جاری2 روزہ مظاہرہ معطل کردیا ہے، کہ وہ جموں واپسی پر ان کے مطالبات پر غور کریں گے۔جموں ضلع سے تعلق رکھنے والے ڈی ڈی سی چیئرپرسن ، بھارت بھوشن نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا’’لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کل رات بی جے پی صدر رویندر رینا سے بات کی کہ آپ کے ڈی ڈی سی ممبران احتجاج کررہے ہیں،اور رینہ کو پیغام دیا کہ انہیں (احتجاج کرتے ہوئے ڈی ڈی سی) ممبران کو بتائے کہ وہ 12 مارچ کو جموں آرہے ہیں اورانیں 12 مارچ یا 13 مارچ کو میٹنگ میں شرکت کی دعوت دی جائے گی اور ان کے ساتھ جو نا انصافی ہو رہی ہے وہ اس پر تبادلہ خیال کریں گے‘‘۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر کے حوالے سے بتایا کہ ضلع ترقیاتی کونسل ارکان کو آگاہ کیا گیا ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر نے یقین دلایا ہے کہ ان کی شکایات پر ڈی ڈی سی سے مشاورت کی جائے گی۔لیفٹیننٹ گورنر کی یقین دہانی کے پس منظر میں ، انہوں نے کہا: ’’مجھے لگتا ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر کو اندھیرے میں رکھا گیا تھا اور وہ اس صورتحال سے نالاں تھے۔‘‘ان کا مزید کہنا تھا’’20 ممبران ڈی ڈی سی ارکان کی کمیٹی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کریں گی، تب تک ہم اپنا جاری احتجاج معطل کر چکے ہیں، تاہم ، اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے تو ہم اپنے مستقبل کے لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گے‘‘۔انہوں نے مزید کہا ’’ ہم سب نے متفقہ طور پر اجتماعی استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے ، اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے ہیں‘‘۔اس سے قبل ، جموں و کشمیر کے ڈی ڈی سی ممبران جموں کے پریس کلب کے قریب نمائش گراؤنڈ میں جمع ہوئے اور وارنٹ آف پرسیینس کے خلاف احتجاج کیا ، اور دعوی کیا کہ ان کے پروٹوکول کو نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ وارنٹ آف پرسی ڈنس واپس لی جائے اور ان کے لئے مقرر کردہ مشاہرے کا جائزہ لیا جائے۔ڈی ڈی سی کے مظاہرے کے بعد حکومت کو جموں میں دو روزہ ورکشاپ و تربیتی پروگرام کو منسوخ کرنا پڑا۔