عظمیٰ نیوزسروس
رام بن//ڈپٹی کمشنر رام بن بصیر الحق چوہدری نے شدید برف باری کو برداشت کرتے ہوئے تحصیل اکھرال اور رامسو کے دور دراز دیہات شلگڑی، کوٹے، پنچال بھوردھر، نیل ٹاپ اور نیل بٹو کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد ضروری خدمات کی صورتحال کا جائزہ لینا اور عوامی شکایات کا ازالہ کرنا تھا۔اے ڈی سی ورونجیت سنگھ چرک اور ضلع انتظامیہ کے دیگر سینئر افسران کے ساتھ ڈپٹی کمشنر نے موقع پر ضروری سامان اور خدمات کا معائنہ کیا۔ برفباری والے علاقوں میں پیدل چلتے ہوئے، انہوں نے صحت کی سہولیات، راشن، پانی، بجلی کی فراہمی، اور سڑک کے رابطے کے بارے میں دریافت کرنے کے لیے مقامی لوگوں سے ان کی دہلیز پر بات چیت کی۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے افسران کو موقع پر ہی ہدایات جاری کیں کہ وہ ضروری خدمات کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے برف صاف کرنے اور سڑک کے رابطے کی بحالی کو ترجیح دیں۔ڈپٹی کمشنر نے عوام کو یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ مشکل موسمی حالات کے دوران ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے اور ان کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے سرگرمی سے نگرانی جاری رکھے گی۔