عظمیٰ نیوزسروس
راجوری//بڈھال میں پیش آئے ایک المناک واقعہ کے بعد جس میں تین خاندانوں کی 14جانیں گئیں،کے بعد ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما نے صورتحال کا جائزہ لینے اور فوری انتظامی ردعمل کو یقینی بنانے کے لیے کوٹرنکا کا دورہ کیا۔ضلعی افسران کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے، ڈپٹی کمشنر نے جانچ کے لیے جمع کیے گئے نمونوں کا جائزہ لیا، جن میں خوراک، پانی اور دیگر استعمال کی اشیاء شامل ہیں، تاکہ واقعے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ تجزیہ کو تیز کریں اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات پر عمل درآمد کریں۔اس کے بعد ڈپٹی کمشنر نے متاثرہ خاندانوں سے بات چیت کیلئے بڈھال کا دورہ کیا۔ انہوں نے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور انہیں اس مشکل وقت میں انتظامیہ کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے فوڈ سیفٹی، زراعت، باغبانی اور دیگر محکموں کے افسر کے ساتھ مل کر استعمال کی اشیاء کی حفاظت اور معیار کے معیارات کی تعمیل کی تصدیق کیلئے قریبی دکانوں کا معائنہ کیا۔