عظمیٰ نیوز سروس
جموں//ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں و کشمیرآر آر سوین نے ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (SIA) جموں کے اچانک دورے کے دوران اس کے کام کاج کا جائزہ لیا اور وہاں تعینات اہلکاروں کے ساتھ بات چیت کی۔ اس دوران آفیسر موصوف کو دیپیکا ایس پی اور ایس آئی اے کی جموں یونٹ کی سربراہ نے بتایا کہ کس طرح ایس آئی اے کے تفتیشی افسران کے لئے کام کرنے کا بہترین ماحول پیدا کیاگیا ہے جس کی مدد سے وہ دہشت گردی کی مالی معاونت اور منشیات کے اہم مقدمات کی تحقیقات کر کے چارج شیٹ داخل کرتے ہیں ۔انہوں نے سی آئی ڈی ونگ کی طرف سے شروع کئے گئے سخت شرائط پر ضمانت کے پروگرام کی بھی وضاحت کی۔غور طلب ہے کہ جموں و کشمیر پولیس پورے ملک کی پہلی پولیس ہے جس نے اس ٹیکنالوجی پر مبنی سخت ضمانت کی شرط متعارف کروائی ہے جو کہ گھناؤنے اور مکروہ جرائم کے ارتکاب پر مجرمانہ کارروائیوں کا سامنا کرنے والے اور دیگر مجرموں کی نقل و حرکت پر دور سے نظر رکھتی ہے۔ڈی جی پی نے ریاستی تحقیقاتی ایجنسی کی جانب سے دہشت گردی کے معاملات کی تفتیش میں شاندار ریکارڈ اور دہشت گردی کے نظام میں ان کے ساتھیوں کے ذہنوں میں قانون کا خوف پیدا کر نے میں ایجنسی کے رول کی تعریف کی ۔ایس آئی اے دہشت گردوں پر سماجی اور مالی دباؤ ڈالنے کے لئے جائیداد کے اٹیچ منٹ، بینک اکاؤنٹس کو منجمد کرنے، غیر ضمانتی وارنٹ پر عمل درآمد، لک آؤٹ سرکلر وغیرہ پر توجہ مرکوز کر رہا ہے۔ڈی جی پی نے ایس آئی اے کے عہدیداروں کی تجویز سے اتفاق کیا کہ دہشت گردی، علیحدگی پسندی، منشیات، لینڈ مافیا اور غنڈہ گردی سے ضمانت حاصل کرنے کے خواہشمندکیلئے سخت شرائط رکھنے کیساتھ ساتھ ان پر گہری نظر بھی رکھی جائے ۔