پرویز احمد
سرینگر //جموں صوبے میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 47 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے ہیں اور اس طرح ابتک جموں و کشمیر میں ڈینگی سے 7067 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ اس دوران سنیچر کو ڈینگی سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ ڈینگی سے مرنے والوں کی تعداد 18افراد بنی ہوئی ہے۔ جموں صوبے میں وبائی بیماریوں پر نظر گزر رکھنے کیلئے تعینات ڈویژنل نوڈل آفیسر ڈاکٹر ہرجیت رائے نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سنیچرکو جموں صوبے میں ڈینگی کی تشخیص کیلئے 286ٹیسٹ کئے گے جن میں 47افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ 47ڈینگی متاثرین میں 21خواتین اور 26مرد شامل ہیں۔ ڈاکٹر رائے نے کہا کہ تمام متاثرہ علاقوں میں کیمیائی ادویات کا چھڑکائو کیا گیا ہے ۔ ڈیوژنل نوڈل آفیس جموں کی جانب سے فراہم کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق ضلع جموں میں سب سے زیادہ 35، سانبہ میں 4، ریاسی میں 2، راجوری میں 3،پونچھ میں 2 اور ڈوڈہ میں ایک شخص میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس دوران کٹھوعہ، ادھمپور، رام بن اور کشتواڑ میں کوئی بھی شخص متاثر نہیں ہوا ہے۔ کشمیر صوبے سے تعلق رکھنے والا کوئی بھی شخص متاثر نہیں ہوا ہے اور یہاں ڈینگی متاثرین کی تعداد 12بنی ہوئی ہے۔ جموں و کشمیر میں ابتک ڈینگی کی تشخیص کیلئے 27ہزار 307ٹیسٹ کئے گئے جن میں 7067افراد کے ڈینگی سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔