رام بن //ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن شوکت اعجاز بٹ نے ضلع وتحصیل سطح کے ما تحت اعلیٰ افسران کے ہمراہ ڈاک بنگلہ بٹوت میں تحصیل بٹوت کے عوام کا ایک اجلاس منعقد کیا اور موقعہ پر تحصیل کے عوام کو درپیش مسائل ومشکلات سے آگاہی حاصل کی۔انہوں نے تحصیل کے عوام کو درپیش مسائل ومشکلات کے حل کی خاطر ہنگامی بنیادوں پردر کار اقدامات اُ ٹھانے کی مختلف محکمہ جات کے افسران کو ہدایت جاری کی۔ اس موقعہ پر اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ تحصیل سطح پر عوامی شکایتی ازالہ کیمپ منعقد کرنے کا مقصد لوگوں کو گھروں کی دہلیز پر ہی شکایات کا ازالہ کرنا ہے،تاکہ لوگوں کو اپنے مسائل کے لئے ضلع ہیڈ کوارٹر نہ جانا پڑے۔ انہوں نے مندر، گورودوارہ اور مسجد کے لئے فی کس سولر لائٹ منظور کی اور سوشل فارسٹ محکمہ کو بٹوت میں شجر کاری مہم شروع کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے جے کے ٹی ڈی سی اور محکمہ سیاحت کو بٹوت میں سیاحتی سرگرمیوں میں تیزی لانے کی ہدایت دی،تاکہ بٹوت کو سیاحتی مرکز کے طور پر فروغ دیا جا سکے۔اس موقعہ پر تحصیل بٹوت کے مختلف علاقہ جات سے تعلق رکھنے والے عوام کی بڑی تعدادنے میٹنگ میں شامل ہو کر ڈپٹی کمشنر کو درپیش مسائل ومشکلات اور تحصیل بٹوت کی تعمیر وترقی کے لئے لازمی ضروری اقدام کرنیکی ضرورت پر زور دیا ۔اجلاس میںتحصیل بٹوت کی تعمیرو ترقی کے لئے بٹوت میں گورنمنٹ ڈگری کالج ،آئی ٹی آئی کالج،بٹوت کیندریہ ودیالیہ کے قیام کی مانگ کوعملی جامعہ پہنانے ، مزید بٹوت کے شیرکشمیر گورنمنٹ ہسپتال کی حالت سُدھارنے،بٹوت گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کادرجہ بڑھا کر ہائرسکینڈری کرنے، بٹوت میں سیاحتی شعبے کو ترقی دینے ، بٹوت کو تحصیل کے دیگرگائوں وقصبہ جات سے ملانے وا لے زیر تعمیر لنک رابطوں کو پا یہ تکمیل تک پہونچانے کی اہم عوامی مانگوں کی جانب ذاتی توجہ کے علاوہ ریاستی اعلیٰ انتظامیہ کی توجہ مبذول کرانے کی خاطربٹوت عوام کی مدد اور اپنے حد اختیار اقدامات کریں۔ ڈپٹی کمشنرنے تحصیل بٹوت کے عوام کی ہر طرح کی مشکلات ودرپیش مسائل اور جائز مطالبات کو بغور سننے کے بعد اُن کو مکمل یقین دہانی کرائی کہ وہ بطورڈپٹی کمشنر رام بن وہ تمام اقدامات اور کوششیں اپنی پیشہ وارنہ ذمہ داری سمجھ کر کریں گے جس سے بٹوت تحصیل کے عوام کو درپیش مسائل ومشکلات کا ازلہ ممکن ہوسکے اور اُ ن کی اجتمائی ترقی کے خوابوں کی تعمیرہو۔اجلاس میں ایس ایس پی رام بن موہن لعل، اے ڈی ڈی سی رویندر سادھو، ای پی او اوتم سنگھ، تحصیلدار بٹوت سری ناتھ سُمن، پی ڈبلیو ڈی ،پی ڈی ڈی،پی ایم جی ایس وائی ،آر ای ڈبلیو کے ایگزیکٹو انجینئروں ،سی ایم او، سی ای او، سی ایچ او،سی اے او، ڈی ایف او، ڈی ایس ڈبلیو او، اے ایل سی ،اے ڈی سی اے پی ڈی ،بی ڈی او ،نائب تحصیلداربٹوت اور مختلف دیگر ضلع و بلاک سطحوں کے افسروں نے شرکت کی۔