ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں 20 ویں روز بھی کورونا کرفیو نافذ رہا جس دوران سخت بندشیں عائد رہیں۔کووڈ 19 کے سلسلہ میں جاری ہدایات پر عمل درآمد کرنے کے لئے جگہ جگہ پولیس و سیکورٹی فورسز کی نفری تعینات رہی جبکہ ایمرجنسی سروسز کی گاڑیوں کو ہی چلنے کی اجازت دی گئی۔سیول سوسائٹی نے کورونا وائرس کے اس بحران کے دوران متاثرہ کنبوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ایل جی انتظامیہ سے ٹرانسپورٹرز، چھوٹے کاروباری افراد و مزدو پیشہ لوگوں کی مالی امداد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ترجمان ڈوڈہ ڈیولپمنٹ فرنٹ اشتیاق احمد دیو نے کہا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر سے محفوظ رہنے کے لئے اگر چہ حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے لیکن اس بحران کے دوران مزدور پیشہ افراد، بنکوں سے قرضہ لے کر اپنا روزگار شروع کیا تھا لیکن اس کورونا کرفیو کی وجہ سے ان کا کاروبار ٹھپ ہوا ہے اور پہلے سے ہی مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ ہے۔ انہوں نے کہا سرکار کو ایسے افراد کے لئے باقاعدہ طور پر بازآبادکاری کی پالیسی بنائی جائے تاکہ وہ اپنا گھر چلانے کے ساتھ ساتھ نقصانات کی بھی بھرپائی کر سکیں۔