ڈوڈہ //ضلع ترقیاتی کمشنر سمرن دیپ سنگھ کی قیادت میں منعقدہ ایک اجلاس میں ضلع میں آنے والی سالانہ یاترائوں کے انتظامات کاجائزہ لیا گیا،تاکہ مچیل یاترا ،منی مہیش یاترا اور کیلاش یاترا احسن طریقہ سے منعقد ہوں۔اجلاس میں اے ڈی سی پون کمار پریہار، سی ای او بھدرواہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی،ایس ڈی ایم ،سی پی او ،اے سی ڈی کے علاوہ دیگر افسروں میونسپل کمیٹی بھدرواہ کے ایگزیکٹو افسر ،ڈی ایف او، بی ایم او ،پی ڈی ڈی/پی ایچ ای کے ایگزیکٹو انجینئروں ،تحصیلدارنے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی نے اے آر ٹی او کو یاتریوں کی سہولیت کے لئے کافی تعداد میں بسیں دستیاب رکھنے کی ہدایت دی،تاکہ کوئی بھی وہیکل او رلوڈنگ نہ کرے۔محکمہ صحت کو ڈاکٹر اور نیم طبی عملہ کے ہمراہ ایمبولنس مہیا کرنے کی ہدایت دی گئی۔ای او میونسپل کمیٹی کو قصبہ و گرد و نواح اور یاتریوں کی مین جگہ پر صفائی وستھرائی کی طرف خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی گئی۔میونسپل کمیٹی کو عارضی ٹائیلٹ نصب کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ۔بغیر خلل کے بجلی،پانی کی دستیابی ،ٹریفک کی اچھی نقل و حرکت ،ایندھن کی فراہمی اور لازمی خدمات کا بھی اجلاس میں جائزہ لیا گیا ۔