اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں ہفتہ کے روز تیز ہواؤں و شدید بارشوں سے درجنوں رہائشی و غیر رہائشی مکانات ،سرکاری عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ بھدرواہ ،مرمت ،چرالہ ،فیگسو ،کاہرہ ،چلی پنگل ،گندوہ ،چنگا ،گندنہ ،کاستی گڑھ ،بھاگواہ ،گھٹ کے کء علاقوں سے مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بارشوں و تیز آندھی سے رہائشی مکانات، دوکانات ،پھلدار درختوں، سبزیوں، فصلوں و زرعی شعبے کو وسیع پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ سابق بی ڈی سی چیئرمین چنگا محمد عباس راتھر نے کہا کہ بلاک چنگا، گندوہ جکیاس و چلی میں سینکڑوں مکانات کو نقصان پہنچا ہے اور پگڈنڈی راستے و رابطہ سڑکیں تباہ ہوئیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں کئی عارضی پل سیلاب میں بہہ گئے ہیں۔ ایس ڈی ایم گندوہ ارون کمار بڈیال نے کہا کہ تحصیل چلی پنگل میں دو و بھلیسہ میں 33 مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام فیلڈ عملہ، پنچائتی اراکین سے نقصانات کی تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ ادھر ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ ہرویندر سنگھ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ضلع میں آج مزید 29 مکانات کو نقصان پہنچا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ متحرک ہے اور عوامی مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے خراب موسم میں غیر سفر کرنے سے احتیاط کرنے و ایمرجنسی سروسز کے لئے ہیلپ ڈیسک و کنٹرول روم کے ساتھ رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ اسکولوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس کا فیصلہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پیر کی صبح لیا جائے گا۔