اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں ڈرون کے ذخیرہ کرنے، استعمال کرنے اور نقل و حمل پر دو ماہ کے لئے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔حکام نے منگل کو بتایا کہ یہ اقدام تخریبی عناصر کی جانب سے اڑنے والی اشیاء کے غلط استعمال کو روکنے کے مقصد سے کیا گیا ہےالبتہ پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے، جبکہ سرکاری محکموں کو جو مختلف سرگرمیوں، بشمول نقشہ سازی، سروے، تعمیراتی کاموں اور زراعت جیسے شعبوں کے استعمال کے لئے اجازت حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ ڈوڈہ، سدرشن کمار نے کہا کہ جن لوگوں کے پاس پہلے سے ہی ڈرون کیمرے یا اڑنے والی اشیاء یا اسی طرح کے آلات موجود ہیں وہ اس حکم کے جاری ہونے کے ایک ہفتے کے اندر قریبی پولیس سٹیشن میں جمع کرائیں اور اس کے عوض باقاعدہ رسید حاصل کریں۔حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ “حالیہ دنوں جموں و کشمیر کی یوٹی کے کچھ حصوں میں کچھ واقعات پیش آئے ہیں جن میں ملک دشمن عناصر نے ڈرون اور اسی طرح کی اڑنے والی اشیاء کا استعمال انسانی جانوں کو نقصان پہنچانے، زخمی کرنے اور خطرہ لاحق کرنے کے علاوہ اہم تنصیبات کی سلامتی کے لیے خطرہ پیدا کرنے کے لیے کیا ہے”۔حکم میں کہا گیا ہے کہ اہم تنصیبات اور انتہائی گنجان آباد علاقوں کے قریب فضائی حدود کو محفوظ بنانے کے لیے ڈرون اور اسی طرح کی اڑنے والی اشیاء یا کھلونوں کے ذخیرہ کرنے، فروخت کرنے، رکھنے، استعمال کرنے اور نقل و حمل پر مناسب پابندیاں عائد کرنا ضروری ہو گیا ہے۔کمار نے ڈرون کے استعمال پر دو ماہ کے لیے پابندی عائد کرتے ہوئے کہا کہ مختلف سرکاری محکمے جو نقشہ سازی، سروے، تعمیراتی کاموں میں نگرانی، زرعی، ماحولیاتی تحفظ اور آفات سے نمٹنے کے شعبوں اور تصاویر یا فلمیں بنانے کے لیے ڈرون استعمال کرتے ہیں، وہ مقامی پولیس اسٹیشن انچارج اور متعلقہ ایگزیکٹو مجسٹریٹ کو ایسے اڑنے والی اشیاء رکھنے کے بارے میں تحریری طور پر مطلع کریں گے اور ان کے استعمال سے قبل اس دفتر سے پیشگی اجازت حاصل کریں گے۔حکمنامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ “پولیس، دفاعی افواج جو اڑنے والی اشیاء، ڈرون استعمال کرتی ہیں، انہیں اس حکم کے تحت مستثنیٰ قرار دیا جائے گاتاہم وہ استعمال کرنے سے پہلے متعلقہ ایس ایچ او کو مطلع کریں۔انہوں نے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈوڈہ کو حکمنامہ پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔