ڈوڈہ ضلع میں آتشزدگی کی دو الگ الگ وارداتیں | دو رہائشی مکان، گاؤ خانہ خاکستر، 6 گائے سمیت 13 مویشی ہلاک

ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں آتشزدگی کی الگ الگ وارداتوں میں 2 رہائشی مکان و گاؤ خانہ خاکستر ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق پیر کی شام ٹھاٹھری سب ڈویڑن کی تحصیل چرالہ میں شادی لال ولد بسنت لال ساکنہ پونیجہ کے رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جو کچھ ہی لمحوں میں پوری عمارت میں پھیل گئی۔ اس دوران مقامی لوگ ،فائر بریگیڈ و پولیس کے اہلکار موقع پر پہنچے اور بچاؤ کاروائی شروع کی تاہم ایک منزل مکان مکمل طور پر خاکستر ہوا جس دوران بھاری مالیت کا سامان بھی تباہ ہوا۔ ادھر تحصیل چلی پنگل کے گاؤں گونڈو میں عنائت اللہ زرگر وعبدالمجید زرگر کے گاؤ خانہ و کچے مکان میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 5 بھیڑیں، 6 گائے، ایک گھوڑا، ایک بیل و بچھڑا بھی ہلاک ہوئے ہیں۔اس دوران پولیس و سیول انتظامیہ کی ٹیم نے موقع پر جا کر آتشزدگی سے ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا ہے۔ مقامی لوگوں نے حکام سے متاثرین کو معقول مالی امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔واضح رہے پچھلے ایک ہفتہ سے ڈوڈہ ضلع کے مختلف علاقوں میں 6 رہائشی مکان خاکستر ہوئے ہیں۔