ڈوڈہ //ڈوڈہ بٹوت شاہراہ پر پیش آئے ایک المناک حادثہ میں 3 کمسن بچوں سمیت 5 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں ۔مرنے والے سبھی افراد کا تعلق رام بن کے گول علاقہ سے ہے۔ پولیس کے مطابق جمعہ کو گول سے آرہی ایک ایکو گاڑی زیر نمبرJK19-6674صبح 10بجے عسر ریگی نالہ کے نزدیک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکردریائے چناب کے نزدیک ایک گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں اس پر سوار 3 کمسن بچوں سمیت 5 افراد موقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گئے۔ حادثہ کے فوراً بعد پولیس، سیکورٹی فورسز، مقامی لوگ و رضا کار تنظیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور نعشوں کو کھائی سے نکالنے کاکام شروع کیا۔ پولیس کے مطابق لقمہ اجل بننے والے افراد کی نعشوں کو پرائمری ہیلتھ سینٹر عسر منتقل کیا گیا جہاں ان کی شناخت 24سالہ محمد آصف ولد غلام علی ساکن ڈیدہ گول،30سالہ تسلیمہ بیگم زوجہ شاہنواز ساکن سلبلہ گول، 6سالہ ساحر حسین و3سالہ شاہ زیب حسین پسران شاہنواز حسین ساکن گول اور12سالہ کامران مشتاق ولد مشتاق احمد ساکن گول کے طور پر کی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ تسلیمہ بیگم 2 بچوںاور بھتیجے کے ہمراہ اپنے والدین کے گھر واقع ٹھاٹھری جارہی تھی تاہم راستے میں ہی ان کی گاڑی حادثے کاشکا رہوگئی ۔ اسطرح سے ایک ہی گھر کے تین بچوں سمیت 4 افراد لقمہ اجل بن گئے۔