عظمیٰ نیوز سروس
جموں//ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع کے متعدد علاقوںمیں حالیہ دنوں میں بارش کے ساتھ ساتھ ہوئی بھاری برف باری کے نتیجے میں برف کے جمع ہونے اور برفانی تودے کی وجہ سے بہت سے دور دراز دیہات کا رابطہ منقطع ہو گیا تھا جس کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں آبادی کے راستے مکمل طورپر بند ہو گئے تھے تاہم باڈر روڈ آئز گنائزیشن کی جانب سے پروجیکٹ سمپارک کے تحت برف صاف کرنے اور مسافروں کو محفوظ راستہ فراہم کرنے کے لئے تمام مشینری، وسائل اور افرادی قوت کو تعینات کر کے برف ہٹانے اور آمد ورفت کو بحال کرنے کا عمل شروع کیاگیا ۔کشتواڑ کے علاقے میں کسی بھی برفانی تودے اور لینڈ سلائیڈنگ کو دور کرنے کے لئے جدید مشینیں اور آلات استعمال کئے گئے ہیں۔ اس منفی موسمی حالت میں رہائشی آبادی کی مدد کے لئے بروقت برف کی صفائی اور سڑک کے رابطے کو یقینی بنایاگیا ۔برف ہٹانے کی سرگرمیاں رات کے اوقات میں بھی عمل میں لائی گئیں تاکہ برف/ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے اونچے علاقوں میں پھنسے ہوئے سیاحوں/ باشندوں کو بچایا جا سکے۔ بی آر او کے لئے اس بات کو یقینی بنانا انتہائی اہمیت کا حامل رہا ہے کہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لئے سڑک کے تمام حصوں کو ایک مقررہ وقت میں کھلا رکھا جائے۔