اننت ناگ // ڈورو شاہ آباد میں گورنمنٹ ماڈل اسپتال میں قائم ENT مشین گذشتہ 2 ہفتے سے ٹیکنیشن کی عدم دستیابی کے باعث بیکار پڑی ہے۔اسپتال کے ENT ٹیکنیشن کا تبادلہ ہوااور 2 ہفتے بعد بھی ٹیکنیشن کا متبادل نہیں آیا ہے جس کی وجہ سے مشین بیکار پڑی ہے اور مریضوں کو نجی کلنکوں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔اسپتال میں RT-PCR کرنے کیلئے مشین نصب تھی جس کو نامعلوم وجوہات پر گذشتہ ہفتے دوسرے اسپتال منتقل کیا گیا اور اب اسپتال میںفقط RATٹیسٹ ہی ہورہا ہے۔شاہ آباد سٹیزن فورم کے صدر جاوید احمد خان نے مشین بیکار رہنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی وباء کے دور میں مشین کا بیکار رہنا محکمہ صحت کے مضبوط ڈھانچے پر سوال کھڑا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسپتال میں RTPCR جانچ کے لئے مشین نصب تھی جس کو گذشتہ روز ٹی بی اسپتال اننت ناگ منتقل کیا گیا اور اب اسپتال میں لوگوں کو ریپڈ جانچ پر ہی انحصار کرنا پڑتا ہے۔میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ڈاکٹر رفیع احمد سلاتھی نے اس سلسلے میںکشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ٹیکنشن کی تعیناتی کے لئے انہوں نے محکمہ کو آگاہ کیا ہے اور امید ہے کہ جلد تعینات ہوگا۔RTPCR مشین کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مشین سے دراصل ٹی بی جانچ ہوتی ہے اور لوگوں کے اصرار پر مشین جلد ہی اسپتال کو واپس ملے گی۔