راجوری//خوراک، شہری رسدات اور امور صارفین کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے ڈاکٹروں کو جنرک ادویات تجویز کرنے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے مرکز کی مفت ڈرگ پالیسی کے تحت68 ادویات کے بارے میں بیداری پیدا کرنے پر بھی زوردیا۔درہال میں روگی کلیان سمیتی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ریاستی کنزیومر پروٹیکشن کونسل نے مریضوں کو جنرک ادویات تجویز کرنے کا معاملہ محکمہ صحت کے ساتھ اُٹھا کر اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کرنے کے لئے کہا ہے۔ وزیر نے محکمہ صحت کو سٹیٹ لیبارٹریوں کی رجسٹریشن یقینی بنانے کے لئے بھی کہا۔ وزیر موصوف نے کہا کہ سرکار عوام کو بہتر صحت خدمات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے اور جدید تشخیصی آلات اور مشینری سے لیس نئے اداروں کو کھولا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور طبی و نیم طبی عملے کی اسامیوں کو پُر کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے قومی صحت مشن کے عہدیداروں کو تحصیل اور ضلع ہسپتالوں کی تیز تر اپ گریڈیشن کرنے اور دُور دراز علاقوں میں صحت خدمات دستیاب رکھنے پر زور دیا۔وزیر کو حلقے کے صحت مراکز کے کام کاج کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا گیا کہ2016-17 مین33051 مریضوں کی تشخیص کی گئی،4208 جراحیاں کی گئیں اور504 خواتین نے جے ایس وائی سکیم سے استفادہ کیا۔وزیر موصوف نے صفائی کرمچاریوں کی تنخواہوں میں اضافہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جُزوقتی صفائی والوں کی تنخواہ ایک ہزار روپے سے بڑھا کر2 ہزار روپے پرائمری ہیلتھ سینٹروں میں کی جائے گی جبکہ کمیونٹی ہیلتھ سینٹروں میں ان کی تنخواہ ایک ہزار روپے سے بڑھا کر3 ہزار روپے کی جائے گی۔چودھری ذوالفقار نے محکمہ بجلی کو سی ایچ سی درہال اور کنڈی کے لئے سپیشل فیڈر کے لئے تخمینہ تیار کرنے اور سی ایم او کو ایک ڈاکٹر کو یو ایس جی تربیت کے لئے بھیجنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ضلع ہسپتال راجوری میں 15 دنوں کے اندر سی سی ٹی وی کیمرہ نصب کرنے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر ، ایس ایس پی، سی ایم او، بی ایم او درہال و کنڈی کے علاوہ دیگر افسران نے شرکت کی۔