جموں// نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے سوپور میں پیش آئے واقعہ کی مذمت کی ہے جس میں4 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ اس طرح کے واقعات اُن طاقتوں کی سازش ہے جو ریاست میں امن وامان کی فضا کو درہم برہم کرنے کے درپے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹاجائے گا۔غمزدہ کنبوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے اس واقعہ میں ہلاک ہوئے افراد کی ارواح کے سکون کے لئے دُعا کی۔ دیہی ترقی، پنچائتی راج اور قانون و انصاف کے وزیر عبدالحق نے قیمتی انسانی جانوں کے زیاں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کپواڑہ ضلع میں برفانی طوفان میں میں بھی ہوئے جانی نقصان پر دُکھ کا اظہار کیا ہے۔غمزدہ کنبوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ جموں وکشمیر پولیس کے4 جوانوں کی ہلاکت انتہائی افسوس کی بات ہے۔اس واقعہ کو بزدلانہ قرار دیتے ہوئے وزیر نے اس واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔اس دوران پی ڈی پی کے جنرل سیکریٹری اور سابق وزیر دلاور میر نے سوپور واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تشدد کو مہذب سماج میں کوئی جگہ نہیں ہے۔انہوں نے غمزدہ کنبوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔