سرینگر // جموں و کشمیر سرکار نے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر اور دیگر 4میڈیکل آفسران کے تبادلوں کے احکامات صادر کئے ہیں۔ فائنانشل کمشنر ہیلتھ اتل ڈلو کی جانب سے جاری کئے گئے حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر سمیر احمد متو کو تبدیل کرکے پروجیکٹ ڈائریکٹر ایڈس کنٹرول سوسائٹی تعینات کیا گیا ہے جبکہ پروجیکٹ ڈائریکٹر ایڈس کنٹرول سوسائٹی مشتاق احمد راتھر اب نئے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ہونگے۔ ڈائریکٹوریٹ ہیلتھ سروس میں خصوصی ڈیوٹی پر تعینات ڈاکٹر شاہد حسین کو تبدیل کرکے محکمہ صحت و سماجی بہبود میں بطور ایکسٹینڈنٹیڈ پروگرام ایمونائزیشن آفیسر بنایاگیا ہے۔ محکمہ صحت و سماجی بہبود میں تعینات میڈیکل آفیسر ڈاکٹر قاضی ہارون کو تبدیل کرکے نیشنل ہیلتھ مشن میں بطور پروجیکٹ منیجر تعینات کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر ناہد انجم ملک کو فارغ کرکے سی ایچ سی حاجن میں تعینات کرنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ تبادلے عارضی بنیادوں پر کئے گئے ہیں اور یہ عدالت میں دائر درخواست کے نتائج پر منحصر کرتا ہے۔