سرینگر//ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے بدھ کو سرینگر شہر کا تفصیلی دورہ کیا اور کوروناکی دوسری لہر کے پیش نظر اٹھائے جانے والے بندشوں کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عید الفطر کے موقع پر سیکورٹی کی تعیناتی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ پولیس سربراہ کے ہمراہ ڈی آئی جی وسطی کشمیر امت کمار، ایس ایس پی سرینگر سندیپ چودھری ، ایس پی پی کارگو طاہر اشرف ، ایس پی ہیڈ کوارٹر سرینگر ماجد ملک اور سری نگر سٹی کے تمام زونل ایس ایس پی موجود تھے۔ دورے کے دوران ، ڈی جی پی نے پائین شہر و سیول لائنز کے خانیار،نوہٹہ ، زکورہ،پاندچھ،90فٹ، صورہ،زونی مر،عید گاہ، صفا کدل،کرن نگر،بٹہ مالو،ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ،راج باغ اور جواہر نگر میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈائریکٹر جنرل پولیس نے اہلکاروں اور شہر کے مختلف ناکوںپر تعینات دیگر فورسز کے اہلکاروں سے بات چیت کی۔ انہوں نے سرینگر شہر میں مکمل لاک ڈاؤن کو یقینی بنانے کے لئے پولیس اور دیگر فورسز کی کاوشوں کو سراہا۔دلباغ سنگھ نے کہا کہ عوامی جانوں کے تحفظ کے لئے لاک ڈاؤن نافذ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ڈاکٹروں ،طبی عملے اور دیگر ضروری خدمات فراہم کرنے والوں کو اپنے کام کے مقامات یا سروس کی فراہمی کے مقامات پر سفر کے دوران لاک ڈاؤن کے دوران کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ پولیس سربراہ نے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ امن و امان برقرار رکھتے ہوئے عید پر لوگوں کیلئے دوستانہ ماحول کو یقینی بنائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ حکومت کے رہنما خطوط کے مطابق صحت سے متعلق معیاری عملیاتی طریقہ کار پر عمل کیا جا.۔ ڈی جی پی نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ناکوںپر تعینات جوانوں اور دیگر خدمات پر معمور اہلکار کا خیال رکھے۔ انہوں نے کہا کہ مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لئے زمینی سطح پر دیگر فورسز کے ساتھ بہترین ہم آہنگی برقرار رکھنا لازمی ہے۔