ترقیاتی منصوبوں کومعینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت
بڈگام //چیف سیکرٹری مسٹر اتل ڈولو نے مختلف محکموں کے ذریعہ جاری مختلف ترقیاتی کاموں اور سکیموں پر پیش رفت کا جائیزہ لینے کیلئے ضلع بڈگام کا دورہ کیا ۔انہوں نے بروقت منصوبے کی تکمیل ، فلاحی اسکیموں کی سیچوریشن اور ترقیاتی پروگراموں کے موثر نفاذ کے ذریعے ضلع بڈگام کی معیشت کو ترقی دینے میں ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ۔ ڈپٹی کمشنر بڈگام نے ضلعی کیپیکس بجٹ 2024-25 اور 2025-26 کے تحت جاری کاموں کی مالی پیش رفت ، غیر منقولہ منصوبوں کی حیثیت اور دیگر ترقیاتی پروگراموں کے بارے مین ایک سیکٹر وار تفصیلی رپورٹ پیش کی ۔چیف سیکرٹری نے زور دے کر کہا کہ تمام اسکیمیں چاہے وہ مرکزی سپانسرڈ ہوں یا یو ٹی کیپیکس بجٹ کے تحت ہوں لوگوں کیلئے حقیقی فوائد حاصل کرنے کیلئے ہر سطح پر نافذ کی جانی چاہئیں ۔ ڈولو نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ تمام مستفدین کی صد فیصد کوریج حاصل کریں تا کہ کوئی بھی ان فوائد سے محروم نہ رہے ۔ انہوں نے ایجنسیوں کو مزید ہدایت دی کہ وہ ٹائم لائینز پر سختی سے عمل کریں اور جاری کاموں کی رفتار کو تیز کریں ۔ ڈولو نے محکموں کو ہدایت دی کہ وہ پہلے کی سکیموں کے تحت زیر التواء کاموں کی نشاندہی کریں اور انہیں بغیر کسی تاخیر کے مکمل کریں ۔انہوں نے پائیدار روز گار کی فراہمی اور پائیدار دیہی اثاثوں کو بنانے کیلئے دیگر اسکیموں کے ساتھ ایم جی نریگا کے کنورجنس پر بھی زور دیا ۔اس موقع پر چیف سیکرٹری نے فلاحی اسکیموں سے فائدہ اٹھانے والوں کے ساتھ بات چیت کی ، ڈیری ، مشروم ، اپیکلچر ، کڑھائی اور زراعت یونٹوں کیلئے منظوری کے سرٹیفکیٹ تقسیم کرتے ہوئے ڈی سی آفس کمپلیکس بڈگام میں سبسڈی والے ٹریکٹروں اور فارم مشینری کی چابیاں ان کے حوالے کیں ۔ چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ انفراسٹرکچر کے تین بڑے پروجیکٹوں جن مین 125 بستروں والے ڈسٹرکٹ ہسپتال بڈگام ، ریسپورہ میں 100 بستروں والے کریٹیکل کئیر یونٹ اور کاکدمارن بڈگام میں کشمیر مہاجرین کے لئے ٹرانزٹ رہائش شامل ہے کا معائینہ کیا ۔ انہوں نے متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ کام کو تیز کریں اور بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ باقاعدگی سے تمام ترقیاتی کاموں کی نگرانی کریں ، ضلعی افسران سے روزانہ آراء حاصل کریں اور ٹائم لائینز پر سختی سے عمل پیرا ہوں ۔ جائیزہ اجلاس میں زراعت ، باغبانی ، تعلیم ، صحت ، آر ڈی ڈی ، جانوروں اور بھیڑپالن ، روزگار ، صنعتوں ، کمانڈ ایریا ڈیولپمنٹ ، پی ڈبلیو ڈی ، پی ایم جی ایس وائی ، جل شکتی ، کے پی ڈی سی ایل اور دیگر ضلعی اور سیکٹر افسران نے شرکت کی ۔