عظمیٰ نیوز سروس
جموں// چیف سیکرٹری اتل ڈلو نے بدھ کو محکمہ صحت اور طبی تعلیم ( ایچ اینڈ ایم ای ) کی ایک میٹنگ منعقد کی جس میں محکمہ کی طرف سے جموں و کشمیر کے اضلاع میں قائم میڈیکل کالج میں مزید ایم بی بی ایس ، پوسٹ گریجویٹ ( پی جی ) یا پوسٹ ڈاکٹریٹ کی نشستیں شامل کرنے کے اقدامات کا جائیزہ لیا گیا ۔ اس کے علاوہ چیف سیکرٹری نے اس موقع پر یہاں مریضوں کو پیش کی جانے والی خدمات کی اپ گریڈیشن تک رسائی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ صحت کے درجنوں پراجیکٹس کی تکمیل کا بھی ذکر کیا ۔ میٹنگ میں سیکرٹری ایچ اینڈ ایم ای ، سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی ، ایم ڈی این ایچ ایم ، میڈیکل کالجوں کے پرنسپلز ، ڈائریکٹر ہیلتھ جموں /کشمیر ، ایم ڈی جے کے ایم ایس سی ایل اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔ ڈلو نے میڈیکل کالج کے ہر پرنسپل سے ان اقدامات کے بارے میں دریافت کیا جو انہوں نے اپنے متعلقہ ہسپتالوں میں MD/MS,DM/MCHاور DNB جیسے اسپیشلائزیشن کورسز کو شامل کرنے کیلئے اٹھائے تھے ۔ انہوں نے 07 نئے میڈیکل کالجوں کے پرنسپلز پر بھی زور دیا کہ وہ ہر ایک کی 100 نشستوں کی انٹیک گنجائش کے علاوہ مزید 50 ایم بی بی ایس سیٹیں شامل کرنے کیلئے ضروری اقدامات کریں ۔ انہوں نے اگلے ایک سال میں جموں و کشمیر میں تمام نئے میڈیکل کالجوں اور ضلعی ہسپتالوں میں ٹرسٹیری کیئر سروسز کو اپ گریڈ کرنے کیلئے ٹھوس لائحہ عمل تیار کرنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحت کے اداروں کو مکمل تعاون فراہم کرے گی جس کا مقصد اپنے دستیاب وسائل کے زیادہ سے زیادہ استعمال کے ساتھ ضروری اپ گریڈیشن کرنا ہے ۔ ڈلو نے ہر میڈیکل کالج میں دستیاب انسانی وسائل کا بھی نوٹس لیا ۔ انہوں نے پروفیسرز کی آسامیوں کو مناسب چینل کے ذریعے پُر کرنے کیلئے اقدامات کرنے کے ساتھ ساتھ تمام آسامیوں کا حوالہ دینے پر زور دیا کیونکہ یہ افرادی قوت ان کی طرف سے پیش کی جانے والی خدمات اور کورسز کو بڑھانے کیلئے ضروری ہے ۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری نے جموں و کشمیر کے اسپتالوں میں ٹیلی آئی سی یو ، ای سنجیوانی ، ٹیلی ریڈیولوجی ، ای سہج ، اسکین اور شئیر جیسی خدمات کی صورتحال کا بھی جائیزہ لیا ۔ انہوں نے ان ماڈیولز کو جلد از جلد اپنا کر صحت کی خدمات کو ہمہ گیر اور ہموار بنانے کا مشورہ دیا ۔ چیف سیکرٹری نے جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں محکمہ کی طرف سے کئے گئے بڑے کاموں کی پروجیکٹ وار صورتحال کا جائیزہ لیا ۔ میٹنگ کے دوران بات کرتے ہوئے سیکرٹری ایچ اینڈ ایم ای ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ نے میڈیکل کالجوں میں جاری پیش رفت کے بارے میں چیف سیکرٹری کو آگاہ کیا ۔