جموں//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے جموں خطے میں بجلی کی حالیہ صورتحال کاجائزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ طلب کی۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ،چیف انجینئران اور ایم ڈی پاور ڈی آئی ایس سی او ایم س نے شرکت کی۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ صوبہ جموں میں بجلی کے استعمال میں ایک سال میں اور زیادہ بوجھ کی گنجائش بالترتیب 29.43 فیصد اور 11.36 فیصد کا اِضافہ ہوا ہے ۔چیف سیکرٹری نے محکمہ کے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ یونین ٹیریٹری کے مختلف علاقوں میں بجلی کی مانگ کا تجزیہ کریں۔ اُنہوں نے بجلی کی ترسیل کے چینلوں سے متعلق امور کی باقاعدہ نگرانی اور جاری موسم گرما میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔چیف سیکرٹری نے کچھ فیڈروں میں 70 فیصد سے زیادہ تقسیم کے نقصان پر تشویش کا اِظہار کرتے ہوئے اَفسران کو ہدایت دی کہ ایسے فیڈروں پر ترجیحی طور پر اے ٹی اینڈ سی نقصانات کی جانچ اور احتساب کو ٹھیک کرنے کے لئے فوری اقدامات کریں۔چیف سیکرٹری ارون کمار مہتا نے محکمہ کے اَفسران سے کہا کہ وہ تمام گرڈ سٹیشنوں پر معاون مشینری اور سامان میں معمولی خرابی دور کرنے کے لئے باقاعدہ احتیاطی تدابیر کے لئے حکمت عملی تیار کی جائے ۔اُنہوں نے کہا کہ برقت مرمت اور بحالی کے کاموں پرنہ صرف کم لاگت آئے گی بلکہ مستقبل میں بڑی خرابیوں اور ناکامیوں کو بھی روکا جائے گا۔اُنہوںنے عوامی شکایات کو فوری اور مؤثر بنانے کیلئے بالخصوص بجلی کی فراہمی نہ ہونے کے وقت محکمہ سے کہا کہ وہ اَپنے اَپنے دائرہ اِختیار میںفیلڈ اَفسران کی چوبیس گھنٹے رَسائی کو یقینی بنائیں اور رابطہ نمبروں کو وسیع پیمانے پر تشہیر کریں۔