کشتواڑ // چھاترو کشتواڑ میں سڑک کا المناک واقعہ پیش آیا جس میں ماںاپنی بیٹی اور بیٹے سمیت لقمہ اجل بن گئی۔ایس ایچ او چھاترو سندیپ پریہار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہ حادثہ بعد دوپہراس وقت پیش آیا جب نجی گاڑی زیر نمبر JK06/8421 مغل میدان سے واپس چھاترو جاری تھی اور تحصیل ہیڈکوارٹر سے تھوڑی دور ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگئی اور دوسو میٹرنیچے نالے میں جاگری ۔حادثے میں ایک ہی کنبے کے اہل خانہ سوار تھے جن کی موقعہ پر ہی موت ہوئی۔حادثے کے فوراً بعد پولیس، سیول و رضاکار جائے وقوع پر پہنچے اور بچائو کارروائی شروع کی گئی لیکن تب تک بہت دیر ہوچکی تھی۔ مہلوکین کی شناخت نیتن کمار ولد شام لال عمر27، کاجل دیوی ولد شام لال عمر 20 اور انکی ماں جسودہ زوجہ شام لال عمر 45 ساکن چنگام کے طور ہوئی۔لاشیں آخری رسومات کیلئے انکے گھروالوں کو سونپ دی گئیں۔اگرچہ حادثہ ہونے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی تاہم پولیس نے اس سلسلہ میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ ادھرجونہی ماں اور اسکے بیٹے و بیٹی کی نعشوں کو انکے آبائی علاقہ پہنچایا گیا تو گائوںصف ماتم میں ڈوب گیا اور ہر طرف چیخ پکار سنائی دینے لگی۔غلام محمد سروڑی ، سجاد احمد کچلو ، فردوس احمد ٹاک نے تعزیتی پیغام جاری کرتے ہوے غمزدہ خاندان کے ساتھ یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔