کشتواڑ//خطہ چناب کے تینوں اضلاع میں مسلسل دوسرے روز بھی پہاڑوں پر ہلکی برف باری اورمیدانی علاقوں میں بارشوںکا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجہ میں درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہوئی ہے اور سردی کی لہر میں اضافہ ہوا ہے۔ضلع کشتواڑ کے بالائی علاقوںںمیں دوسرے روز بھی ہلکی برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں جسے درجہ حرارت میں نمایا کمی واقع ہوئی۔مرگن ٹاپ و سنتھن ٹاپ پر کئی انچ تازہ برف جمع ہوئی لیکن اس کے باوجودگاڑیوں کی آواجاہی بلاخلل جارہی رہی۔میدانی علاقوں میں اگرچہ موسم ابرآلود تھا لیکن دوپہر کے بعد تیز بارش ہوئی جو کئی گھنٹوں تک جاری رہی جسکے بعد موسم دوبارہ صاف ہوا۔تازہ برفباری و بارشوں کے سبب درجہ حرارت میں بھی متواتر کمی درج کی جارہی ہے اور لوگ گرم ملبوسات کا استعمال کررہے ہیں ۔اُدھر ضلع رام بن میں تازہ بارشوں اور دور کی اونچی پہاڑی چوٹیوں پر حالیہ تازہ برفباری کے بعد درجہ حرارت میں مزید گراوٹ درج کی گئی اور رام بن اور اس کے قرب و جوار کے علاقوں کو چھوڑ کر ضلع رام بن کے بانہال، بٹوٹ اور گول سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں سردی میں اضافہ ہوا ہے اور سردی سے مقابلہ کرنے کیلئے لوگوں نے ہلکے پھلکے گرم ملبوسات کا استعمال کرنا شروع شروع کردیا ہے۔ پیر کی صبح گیارہ بجے بعد بانہال میں دھوپ نکل آئی تاہم روائتی تیز ہوائیں شام تک چلتی رہیں۔ اس دوران ڈوڈہ کے پہاڑوں پر ہلکی برفباری و میدانی علاقوں وقفے وقفے سے ہوئی بارشوں کی وجہ سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ اتوار و پیر کے روز ڈوڈہ کے ایڈیشنل ضلع بھدرواہ، سب ڈویڑن گندوہ و ٹھاٹھری کے بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری و بارش ہوئی جس کے نتیجے میں خطہ میں سردی میں اضافہ ہوا ہے۔سیول سوسائٹی نے انتظامیہ سے موسم سرما کے پیش نظر پانی، بجلی، راشن، لکڑی و ادویات کی معقول سپلائی دستیاب رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔