محمد تسکین
بانہال // جموں سرینگر قومی شاہراہ پر مجموعی طور چار روز کے بعد ٹریفک بحال کیا گیا ۔ پیر کے بعد جمعہ کی صبح جموں اور سرینگر سے ٹریفک کو شاہراہ پر چلنے کی اجازت دی گئی تاہم ناشری ٹنل اور بانہال کے درمیان حالیہ بارشوں اور برفباری کیوجہ سے خستہ حال شاہراہ پر آدھ درجن سے زائد مقامات پریکطرفہ ٹریفک چلنے کی اجازت دی گئی۔جمعہ کی شام تک سینکڑوں مسافر گاڑیوں نے رام بن بانہال سیکٹر میں ٹریفک جام سے نجات پائی اور رات دیر گئے تک،رامسو اور شیر بی بی کے درمیان بھاری ٹریفک رک رک کر آگے بڑھ رہا تھا۔ ناشری ، ڈھلواس ، چندرکوٹ، رام بن ، ڈگڈول ، رامسو ، شیر بی بی ، اور بانہال کے متاثرہ مقامات پر کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام رہا۔ٹریفک پولیس نے بتایا کہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحرکت جمعہ کی شام جاری تھی تاہم ناشری اور نویگہ ٹنل بانہال کے درمیان ٹریفک کی رفتار سست تھی۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ کے ڈھلواس ، مہاڑ ، کیفٹریا موڑ ، کانگرو ، شیر بی بی، ناچلانہ اور شالگڑی کے علاقوں میں سڑک کی حالت انتہائی خراب ہے۔ادھر ضلع شوپیان کو صوبہ کشمیر کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ ، سری نگر – لیہہ شاہراہ اور سنتھن – کشتواڑ پر برف جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل مسلسل بند ہے۔