بارہمولہ // اوڑی کے دھنی سیداں علاقے میں ایک کلو میٹر پی ایچ سی سڑک خستہ حال ہونے کے نتیجے میں مقامی آبادی اور مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ مقامی لوگوں کے مطابق محکمہ آر اینڈ بی نے دس سال قبل علاقے میں پرائمری ہیلتھ سنٹر تک ایک کلو میٹر سڑک تعمیر کی تھی جس کی حالت اب ابترہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق ہیلتھ سنٹر کے پیش نظر بھی اس سڑک کی مرمت نہیں کی جارہی ہے ۔لوگوں کے مطابق اس سڑک پرجگہ جگہ گہرے کھڈ بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے کبھی کبھار مریضوں کو کندوں پر اُٹھاکر اسپتال پہنچانا پڑ تا ہے ۔لوگوں کے مطابق اگر چہ 26 ستمبر 2020 کو مرکزی جامع مسجد کمیٹی دھنی سیداں کے ایک وفد جس کی صدارت صدر خوجہ محمد شفیع کرہے تھے، نے صوبائی کمشنر پی کے پولے کو اس مسئلہ سے آگا کیا جس کے بعد صوبائی کمشنر نے چیف انجینئر کو ایک خط لکھا تھا کہ موسم سرما سے قبل ہی اس سڑک کی مرمت کی جائے تاہم موسم سرما بھی ختم ہوا لیکن ابھی تک مرمت نہیں ہوئی جس کے نتیجے میں مقامی لوگوں کے علاوہ مریضوں کو بھی سخت مشکلات سے دو چار ہونا پڑ رہا ہے ۔ ادھر مقامی لوگوں نے مزید کہا کہ بیکن حکام کی لاپروائی کی وجہ سے علاقے کا جو بنیادی سڑک رابطہ ہے ،پر بارشوں کے دوران کافی پانی جمع ہوتا ہے جو بعد میں اسی خستہ حال سڑک سے گزرتا ہے جس کی وجہ سے یہ ایک کلو میٹر سڑک مزید خستہ ہورہی ہے ۔ لوگوں نے گونرانتظامیہ سے فوری طور پر مداخلت کی اپیل کی ۔