سرنکوٹ// عرصہ دراز سے محکمہ پی ایچ ای میں عارضی بنیادوں پر کام کرنے والے ملازمین تنخواہوں سے محروم ہیں اورانہیں مستقل بھی نہیں کیاجارہا۔یہ لوگ اب مزدوری کے قابل بھی نہیں رہے کہ مزدوری کرکے اپناگزر بسر کرسکیں اور نہ ہی کوئی دوسرا کام کرسکتے ہیں۔کئی کئی سال محکمہ میں دینے والے ان ملازمین کو امید تھی کہ بالآخر انہیں مستقل ملازمت ملے گی تاہم یہ خواب بھی پورا نہیں ہوا ۔ان ملازمین کاکہناہے کہ انہیں کام کے برابر اجرت نہیں مل رہی ہے اور ان کا استحصال ہورہاہے ۔شفیق احمد ملک، راجندر کمار ،محمد حسین، محمد صدیق، میر حسین ،سنجے کمار، لال حسین وغیرہ نے بتایاکہ ان کے ساتھ سوتیلا سلوک کیاجارہاہے ۔انہوں نے کہاکہ انہیں پچھلے اڑتیس مہینوں سے تنخواہ نہیں ملی اوران کی مستقلی کا معاملہ بھی لٹکاہواہے ۔انہوںنے کہاکہ فوری طور پر ان کی مستقلی کے احکامات جاری کئے جائیں اور سوتیلا سلوک ترک کیاجائے ۔انہوں نے ریاستی گورنر سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ ان کے مسائل حل کرنے میں مدد کریں ۔عارضی ملازمین نے پرزور مطالبہ کیاکہ ان کی اڑتیس مہینوں سے بقایا اجرتیں واگزار کی جائیں نہیں تو بیوی بچوں سمیت سڑکوںپر اتر کر احتجاج کریں گے جس کی تمام تر ذمہ داری حکام پر عائد ہوگی۔