عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ (جے کے ایس ایس بی) نے اتوار کو محکمہ پاور ڈویلپمنٹ کے جونیئر انجینئر (الیکٹریکل) کے عہدے کے لئے منعقدہ تحریری امتحان منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ یہ امتحان 24 اگست کو جموں اور سرینگر میں 35 مراکز پر منعقد ہوئے تاہم سری نگر کے ایک مرکز پر مبینہ طورپر پیپر لیک کا معاملہ سامنے آنے کے بعد امتحان کی منسوخی کا فیصلہ کیا گیا۔ کنٹرولر امتحانات کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ امتحان 34 مراکز پر کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا، تاہم ایک مرکز پر خراب موسمی حالات کے باعث امتحان منعقد نہ ہو سکا۔ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ ‘بورڈ نے 24 اگست کو لئے گئے امتحان کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اسے دوبارہ منعقد کیا جائے گا۔ نئی تاریخ علیحدہ طور پر جلد ہی جاری کی جائے گی۔’ واضح رہے کہ اتوار کے روز سری نگر کے ایک امتحانی مرکز میں پیپر لیک ہونے کے بعد امیدواروں نے احتجاج کیا اور الزام لگایا کہ سرکار شفاف طریقے سے امتحانات منعقد کرانے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔