ٹی ای این
سرینگر// مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن 21تا22 دسمبر کو ریاستی وزرائے خزانہ سے بجٹ سے قبل مشاورت اور جی ایس ٹی کونسل کی میٹنگ کے لیے ملاقات کریں گی۔ یہ میٹنگ اس لیے اہمیت رکھتی ہے کیونکہ ریاستوں کے وزرائے خزانہ 2025-26 کے بجٹ کے لئے اپنی سفارشات یکم فروری 2025 کو پیش کریں گے۔جی ایس ٹی کونسل کی 55ویں میٹنگ ان دو دنوں میں سے کسی ایک کے دوران منعقد کی جائے گی جس میں صحت اور لائف انشورنس پر جی ایس ٹی کی شرح میں چھوٹ یا کم کرنے کا فیصلہ لیا جائے گا۔ریاستی وزراء کے پینل کی سفارشات کے مطابق کونسل کچھ معقولیت کی مشق بھی کر سکتی ہے اور عام اشیاء پر ٹیکس کی شرحوں کو 12 فیصد سے کم کر کے 5 فیصد کر سکتی ہے۔ایک اعلی آفیسرنے مزید کہا کہ دو روزہ میٹنگ راجستھان میں، جیسلمیر یا جودھ پور میں ہونے والی ہے۔پچھلے مہینے، ہیلتھ اینڈ لائف انشورنس جی ایس ٹی پر وزراء کے گروپ (جی او ایم) نے ٹرم لائف انشورنس پالیسیوں کے لیے ادا کیے جانے والے انشورنس پریمیم، اور بزرگ شہریوں کے ہیلتھ انشورنس کو جی ایس ٹی سے مستثنیٰ کرنے پر اتفاق کیاتھا۔اس کے علاوہ، 5 لاکھ روپے تک کے ہیلتھ انشورنس کے لیے بزرگ شہریوں کے علاوہ دیگر افراد کے ذریعے ادا کیے گئے پریمیم پر جی ایس ٹی سے مستثنیٰ ہونے کی تجویز ہے۔ تاہم، 5 لاکھ روپے سے زیادہ کے ہیلتھ انشورنس کور والی پالیسیوں کے لیے ادا کیے گئے پریمیم پر 18 فیصد جی ایس ٹی جاری رہے گا۔